Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

مسجد الحرام ، حطیم میں نوافل کی ادائیگی کے اوقات مقرر

حطیم کے احاطے کے اندر نماز پڑھنا فضیلت میں خانہ کعبہ کے اندر نماز پڑھنے جیسا ہے،علماء کرام
شائع 12 نومبر 2024 09:48pm

الحرمین شریفین کی انتظامیہ کمیٹی نے مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام میں حطیم میں نوافل کی ادائیگی کے اوقات مقرر کر دیے گئے، زائرین کی سہولت کے لیے خواتین اور مردوں کے علیحدہ علیحدہ اوقات مقرر کیے گئے ۔

مکہ مکرمہ میں امورحرمین شریفین کے ادارے کی جانب سے حجر اسماعیل علیہ السلام ’حطیم‘ میں جانے کے ضوابط کا اعلان کر دیا گیا ہے، مردوں اور خواتین کے لیے حطیم میں داخلے کے اوقات مقرر کیے ہیں۔حجر اسماعیل یا حطیم میں مردحضرات کے لیے اوقات صبح 8 سے 11 بجےتک ہوں گے۔حطیم میں خواتین رات 8 سے رات 2 بجے تک نوافل ادا کرسکتی ہیں۔

ادارہ حرمین کی جانب سے عمرہ زائرین کی سہولت کے لیے ’حطیم‘ میں داخل ہونے اور وہاں نوافل ادا کرنے کے لیے کعبہ شریف کی مغربی سمت کو مخصوص کیا گیا ہے۔ حطیم میں رکنےکا دورانیہ 10 منٹ ہوگا۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حطیم میں نفل ادائیگی کے اوقات مقرر کرنےکا مقصد رش کنٹرول کرنا ہے۔’حطیم‘ جسے ’حجر اسماعیل‘ بھی کہا جاتا ہے یہ مقام خانہ کعبہ کی شمال مغربی دیوار سے متصل 3 میٹر چوڑا بیضوی شکل میں ہے۔

علماء کرام کا اس بات پر اجماع ہے کہ حطیم خانہ کعبہ سے جدا نہیں بلکہ یہ اسی کا حصہ ہے۔ اسی وجہ سے طواف کے وقت حطیم سے نہیں گزرا جاتا بلکہ اس کے باہر سے طواف کا چکر لیا جاتا ہے۔حجرِ اسماعیل یا حطیم بیت اللہ کا ایک حصہ ہے اس کے احاطے کے اندر نماز پڑھنا فضیلت میں خانہ کعبہ کے اندر نماز پڑھنے جیسا ہے۔

Saudia Arabia