Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

توشہ خانہ ٹو کیس: عمران خان اور بشریٰ کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ نہ ہو سکا

اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی سابق وزیراعظم کی درخواست ضمانت پر کوئی پیشرفت نہ ہوسکی
شائع 12 نومبر 2024 02:18pm

توشہ خانہ 2 کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ نہ ہو سکا جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی سابق وزیراعظم کی درخواست ضمانت پر کوئی پیشرفت نہ ہوسکی۔

سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف آج توشہ خانہ 2 سے متعلق اسلام آباد کی مختلف عدالتوں میں 2 مقدمات کی سماعت ہونی تھی۔

اسپیشل جج سنٹرل شاہ رخ ارجمند کی عدم دستیابی کے باعث بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ نشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت نہ ہوسکی، بریت کی درخواستوں پر فیصلہ مؤخر کردیا گیا۔

اڈیالہ جیل میں موجود عدالتی عملے نے کیس کی سماعت 14 نومبرتک ملتوی کردی۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستوں پر آج محفوظ فیصلہ سنانا تھا۔

یاد رہے کہ اڈیالہ جیل میں 8 نومبر کو ہونے والی سماعت کے دوران ملزمان کی درخواست بریت پر فریقین کے دلائل مکمل ہو گئے تھے اور بعد ازاں عدالت نے ملزمان کی درخواست بریت پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جو آج بروز منگل کو سنایا جانا تھا جبکہ ان پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی بھی مؤخر کر دی گئی۔

واضح رہے کہ اسپیشل جج سینٹرل نے توشہ خانہ ٹوکیس میں عمران خان کی ضمانت مسترد کردی تھی جبکہ بشریٰ بی بی کی ضمانت منظور ہوچکی ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بانی پی ٹی آئی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کی درخواست پرسماعت کی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے پراسیکیوٹر عمیر مجید ملک کی عدم دستیابی کے باعث درخواست ضمانت پر سماعت بغیر کارروائی کے 20 نومبر تک ملتوی کردی۔

پس منظر

یاد رہے کہ 12 ستمبر 2024 کو توشہ خانہ ٹو کیس کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اےکی تین رکنی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی گئی تھی۔

نیب ترامیم کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد احتساب عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو ریفرنس نیب سے ایف آئی اے کو منتقل کردیا تھا۔

قبل ازیں، عدالت نے توشہ خانہ 2 ریفرنس کا ریکارڈ اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت کو منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔

جبکہ 13جولائی کو نیب نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کو عدت نکاح کیس میں ضمانت ملنے کے فوری بعد توشہ خانہ کے ایک نئے ریفرنس میں گرفتار کرلیا تھا۔

نیب کی انکوائری رپورٹ کے مطابق نیا کیس 7 گھڑیوں سمیت 10 قیمتی تحائف خلاف قانون پاس رکھنے اور بیچنے سے متعلق ہے۔

اسلام آباد

imran khan

bushra bibi

Imran Khan Bushra Bibi

new tosha khana case

Tosha Khana Reference 2