پنجاب میں اسموگ: بیرونی سرگرمیوں پرپابندی عائد، ملتان آلودہ شہروں میں پہلے نمبر پر
اسموگ کے پیش نظر حکومت پنجاب نے ایک اور بڑا فیصلہ کیا ہے۔ بڑھتی اسموگ کے پیش نظر حکومت پنجاب نے لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ملتان ڈویژن میں مارکیٹیں رات آٹھ بجے بند کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا، اس کے علاوہ بیرونی سرگرمیوں پر بھی پابندیاں عائد کردی گئی ہیں، دوسری جانب اب لاہور کے بجائے ملتان آلودہ شہروں میں پہلے نمبر پر آگیا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق ہرقسم کی کھیلوں، نمائشوں اور تقریبات پر پابندی عائد ہوگی جبکہ ریسٹورنٹس کی ڈائننگ پر بھی پابندی عائد ہوگی، مذہبی اجتماعات مستثنیٰ ہوں گے۔
علاوہ ازیں میڈیکل اسٹورز، پٹرول پمپس اور کریانہ اسٹورز مستثنیٰ ہوں گے، احکامات 11 نومبر سے 17 نومبر تک نافذ العمل رہیں گے۔
11 نومبر سے تمام تجارتی مارکیٹس، دکانیں، بازار اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند ہوں گے۔ ریستورانوں میں باہر بیٹھ کر کھانا کھانے پر پابندی ہوگی، آخری رسومات، نماز جنازہ، تدفین اور متعلقہ تقریبات کو بھی پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا،
ڈی سی لاہور کے مطابق فارمیسی/میڈیکل اسٹورز، طبی سہولیات، میڈیکل لیبارٹریز، ویکسی نیشن سینٹرز پابندی سے مستثنیٰ ہیں۔ پیٹرول پمپس، آئل ڈپو، تندور، بیکریوں، گروسری/کریانہ اسٹورز، دودھ کی دکانوں پر پابندی نہیں ہوگی، ساتھ ہی ڈیری کی دکانیں، مٹھائی کی دکانیں، سبزی/فروٹ کی دکانیں، چکن/گوشت کی دکانیں بھی پابندی سے مستثنیٰ ہیں۔
ای کامرس / پوسٹل / کورئیر سروسز اور یوٹیلٹی سروسز (بجلی، قدرتی گیس، انٹرنیٹ، سیلولر نیٹ ورکس / ٹیلی کام پابندی سے مستثنیٰ ہیں۔
ڈی سی لاہور کے مطابق بڑے ڈپارٹمنٹل اسٹورز صرف اپنے گروسری / فارمیسی سیکشنز کو کھلا رکھ سکتے ہیں جبکہ باقی تمام سیکشنز بند رہیں گے۔
اس کے علاوہ انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی کے تحت آلودگی کے خلاف احتیاطی اقدامات بھی جاری کئے گئے ہیں، جن کی خلاف ورزی پر 188 پی پی سی کے تحت کارروائی ہوگی۔
شادی ہالز کے اندر ہونے والی تقریبات کو پرانے اوقات کی مکمل پابندی کے ساتھ جاری رکھا جاسکتا ہے، ریسٹورنٹ میں کھانے کا وقت رات گیارہ بجے تک کا ہوگا۔ ان احکامات کی خلاف ورزی پر دفعہ 188 کے تحت سزا دی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے عوام سے اسموگ کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ شہری غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں اور ماسک کا استعمال یقینی بنائیں، اسموگ کے باعث سانس کی بیماریوں سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کو خاص طور پر اسموگ سے محفوظ رکھیں، اسموگ کے دوران گھروں میں رہیں اور باہر نکلنے سے گریز کریں، گاڑیوں کی غیر ضروری استعمال سے گریز کریں اور پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کریں۔
ڈی سی لاہور کا کہنا ہے کہ فضائی آلودگی کے باعث شہریوں کی صحت کا خیال رکھنا اولین ترجیح ہے، شہریوں کا تعاون ہماری کامیابی کی ضمانت ہے۔
ملتان میں ایئر کوالٹی انڈیکس
ملتان آلودہ شہروں میں پہلے نمبر پر آگیا۔ ایئر کوالٹی انڈیکس سات سو اڑتالیس تک پہنچ گیا۔ منگلا کا چھ سو اٹہتر انڈیکس کے ساتھ دوسرا نمبر ہے، لاہور آلودگی کے لحاظ سے ساتویں نمبر پر آگیا۔ پشاور کا انڈیکس کم ہو کر دو سو چار پر آگیا۔
پروازیں ری شیڈول
ذرائع کے مطابق اسموگ کے باعث لاہورایئرپورٹ رن وے پر حدنگاہ 350 میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔ ملکی وغیرملکی 14 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں جن میں سے ایک پرواز منسوخ ہوگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق دمام سےلاہورآنےوالی پی آئی اے کی پروازکواسلام آباد اتارا گیا، لاہور سے کراچی جانے والی پرواز پی اے401 منسوخ کردی گئی۔
لاہورسے جدہ جانے والی پرواز پی کے 739 پانچ گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی، لاہور سے کولمبو جانے والی پرواز یو ایل 154چھ گھنٹے تاخیر کا شکار رہی، لاہور سے جدہ جانے والی پرواز 3 گھنٹے تاخیر کا شکار جبکہ جدہ سے لاہور آنیوالی پرواز 3 گھنٹے 45 منٹ تاخیر کا شکار رہی۔
اسموگ کے باعث ایک شخص جاں بحق
رحیم یار خان میں اسموگ کے باعث مختلف مقامات پر پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق اسموگ کے باعث شہباز پور روڈ پر بس ایک کار اور موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی، حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔
آلودہ ترین شہروں میں لاہور بدستور پہلے نمبر پر
خیال رہے کہ پنجاب میں اسموگ کی صورتحال انتہائی خراب ہے جبکہ دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور بدستور پہلے نمبر پر ہے۔ صبح سویرے ائیر کوالٹی انڈیکس پانچ سو بیاسی تک پہنچ گیا۔ دوسری جانب خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں بھی دھند کا راج ہے جبکہ پشاور موٹروے ٹریفک کے لیے بند ہے۔
ملتان اور پشاور کی بھی صورتحال خراب ریکارڈ کی گئی، سموگ اور دھند کے باعث موٹروے مختلف مقامات سے ٹریفک کے لیے بند ہیں جبکہ انتظامیہ نے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
پنجاب کے شہر چونیاں میں دھند کے باعث کے رات گئے ٹریکٹر ٹرالی نے موٹرسائیکل کو کچل دیا ۔ واقعہ میں دو خواتین جاں بحق گزشتہ روز ٹریفک حادثات میں نو افراد جان سے گئے۔ واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کی لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آج بارش کی پیشگوئی ہے۔
لیاقت پور میں دھند
لیاقت پورموٹروے ایم فائیو کو ترنڈہ محمد پناہ انٹر چینج کے مقام پر بند کردیا گیا۔ موٹر وے پولیس نے ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں, دوران سفر فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔
میانوالی اور گرد ونواح میں شدید اسموگ
میانوالی اور گردونواح میں اسموگ کے باعث حدنگاہ 30 میٹر رہ گئی، فاروق آباد اورگردونواح میں بھی اسموگ ہے۔ سموگ کے باعث نزلہ، زکام اور کھانسی کے امراض پھیلنے لگے۔
ایم فائیو موٹر وےرحیم یار خان سےسکھر تک بند
اوباڑو میں اسموگ کی وجہ سےایم فائیو موٹر وےرحیم یار خان سےسکھر تک بند ہے۔ نیشنل ہائی وے پرسموگ کے باعث حد نگا 5 سے 10 میٹر تک ہے۔
موٹروے پولیس کے مطابق اسموگ کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے، مسافر غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کریں۔
اسموگ سے ستائے عوام کیلئے اچھی خبر، ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان
دوسری جانب پشاور شہر میں شدید دھند اور سموگ کا راج ہے، پشاور میں صبح آئیر کوالٹی انڈیکس پانچ سونو ریکارڈ کیا گیا۔
شدید دھند کے باعث پشاور موٹروے کو بھی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور، نوشہرہ، مردان، صوابی، کوہاٹ، بنوں اور ڈی آئی خان میں صبح سموگ اور دھند پڑنے کی توقع ہے جبکہ پشاور، چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، بٹگرام، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مالاکنڈ، باجوڑ، مردان، مہمند، خیبر، کرم اور کوہاٹ میں آج تیز ہواؤں کساتھ گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ بلندو بالا پہاڑوں پر برفباری کا بھی متوقع ہے۔