بھارت کا پاکستان آنے سے انکار، وکرانت گپتا کے انکشاف نے آگ بھڑکا دی
بھارت کی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے پاکستان نہ آنے کی رٹ تاحال برقرار ہے۔
وہیں اب بھارتی اسپورٹس جرنلسٹ وکرانت گپتا کے انکشاف نے شائقین کرکٹ کو مزید آگ بگولہ کر دیا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں وکرانت گپتا نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے ہی لڑائی لڑی جارہی تھی، اگر سمجھ رہے ہیں کہ آج منع کیا گیا ہے تو وہ غلط ہے، کسی بھی اسٹیج پر ایسا نہیں لگتا تھا کہ انڈیا جائے گا کیوں کہ یہ بات بی سی سی آئی کے ہاتھ میں نہیں تھی بلکہ یہ سب بھارتی حکومت کے ہاتھ میں ہے۔
بھارتی صحافی نے کہا کہ آئی سی سی ٹورنامنٹ جس ملک میں ہوتا ہے وہاں سب جاتے ہیں مگر انڈیا اور پاکستان کے حالات تھوڑے مختلف ہیں، ایسا نہیں ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو آفیشلی آج آگاہ کیا گیا ہے۔
وکرانت گپتا کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا کے ذریعے ٹیم انڈیا کے پاکستان نے آنے کی خبر دینے کا مقصد یہ تھا کہ پاکستان کو ذہنی طور پر تیار کردیا گیا ہے کہ بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جارہی ہے، حکومت نے یہ بات میڈیا کے ذریعے پاکستان تک پہنچائی۔
اس دوران سابق کپتان راشد لطیف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اگر سکیورٹی کا بہانہ بنائیں گے تو ان کے پاس ٹھوس حقائق نہیں ہیں، اگر آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا اور انگلینڈ پاکستان کھیلنے آرہی ہیں تو انڈیا کو مضبوط گراؤنڈ بنانا پڑے گا۔
خیال رہے کہ بھارتی میڈیا نے بتایا تھا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نہیں آئے گی، میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلنے کو تیار ہے مگر بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی۔
واضح رہے چیئرمین پی سی بی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ بھارت نے انکار کیا تو مجھے اپنی حکومت سے رجوع کرنا پڑے گا، اگر بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے تحریری طور پر کچھ آیا تو حکومت کے پاس جاؤں گا، بھارت نے انکار کیا تو ہم سے بھی اچھے کی امید نہ رکھے۔
Comments are closed on this story.