لاہور ہائیکورٹ کا دھواں پھیلانے والی تمام گاڑیوں کو قبضے میں لینے کا حکم
**لاہور ہائیکورٹ نے دھواں پھیلانے والی تمام گاڑیوں کو قبضے میں لینے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ کے تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر تحریری حکم جاری کردیا۔
حکم نامے میں کہا گیا کہ حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات اسموگ کنٹرول کرنے کے لیے کافی نہیں، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب لاہور کے تمام اسٹیک ہولڈرز اور افسران کی میٹنگ بلائیں۔
پنجاب میں اسموگ: پارکس، تفریح گاہیں 10 دن کیلئے بند، مصنوعی بارش برسانے کا پلان تیار
عدالت نے کہا کہ لاہور میں داخل ہونے والے ٹرک اور لاریاں اسموگ کا بڑا ذریعہ ہیں، اسموگ پھیلانے والی تمام گاڑیوں کو قبضے میں لیا جائے، ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ بسوں اور لاریوں کی فٹنس چیک کرے، فٹنس پر پورا نہ اترنے والی تمام گاڑیوں کو روڈ پر آنے کی اجازت نہ دی جائے۔
عدالتی حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ لاہور اور گرد ونواح کے علاقوں میں 8 بجے کے بعد کمرشل سرگرمیوں پر پابندی کے لیے کمشنر لاہور میٹنگ بلائیں، 2 ہفتوں کے لیے اتوار کے دن کمرشل سرگرمیوں پر پابندی کا فیصلہ کیا جائے، دھواں پھیلانے والی تمام گاڑیوں کو موٹروے پر داخلے کی اجازت نہ دی جائے، شادی کی تقریبات کو محدود کرنا اورشرکت کرنے والے افراد کی کمی بھی اچھا حل ہے۔