Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

سی آئی ڈی ہیڈ کوارٹرز کی تقریب سے سموسے غائب، معاملہ تحقیقات تک جاپہنچا

ہماچل پردیش کے وزیرِاعلیٰ سکھوِندر سُکھو نے 21 اکتوبر کو شملہ میں سی آئی ڈی آفس کا دورہ کیا تھا۔
شائع 08 نومبر 2024 05:23pm

بھارت کی ریاست ہماچل پردیش کے وزیرِاعلیٰ سکھوِندر سُکھو کو پیش نہ کیے جانے والے سموسوں نے ہنگامہ برپا کردیا ہے۔ انہوں نے 21 اکتوبر کو ریاستی دارالحکومت شِملہ میں سی آئی ڈی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا تھا۔ اس موقع پر انہیں سموسے پیش نہیں کیے گئے تھے۔

انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق اب سُننے میں آیا ہے کہ اس حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہے۔ دوسری طرف ریاستی حکومت اور سی آئی ڈی نے تحقیقات سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ اس کے مقابل انڈیا ٹوڈے نے سرکاری جانچ کے زیرِعنوان ہندی میں ایک سرکاری مراسلے کا عکس شائع کیا ہے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی نے سی آئی ڈی کے ذریعے تحقیقات کے معاملے پر سُکھوِندر سُکھو کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ قضیہ یہ ہے کہ سی آئی ڈی ہیڈ کوارٹرز میں ریاستی وزیرِاعلیٰ کی آمد پر اسنیکس کے ڈبے منگوائے گئے تھے۔ چند ڈبے غائب تھے جن میں سموسے بھی شامل تھے۔ بات کا بتنگڑ اس افواہ سے بنا کہ سی آئی ڈی نے گم شدہ سموسوں کے بارے میں تحقیقات شروع کردی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ سموسوں کا معاملہ بہت زیادہ اچھالا جارہا ہے۔ یہ کوئی ایسا معاملہ نہیں کہ اس کے لیے تحقیقات کی جائے۔ ڈی جی سی آئی ڈی ہماچل پردیش سنجیو رنجن اوجھا کا کہنا ہے کہ چند افسران چائے پر مل بیٹھے اور سوچا کہ آخر سموسوں کے ڈبے گئے کہاں۔ ان کا کہنا تھا کہ چند اہلکاروں سے یہ ضرور پوچھا گیا کہ اسنیکس کے چند ڈبے غائب کیوں تھے۔

ڈی جی سی آئی ڈی ہماچل پردیش نے کہا کہ چند سموسوں کے لیے محکمے کے بعض ایسے افراد کی ٹرولنگ کی جارہی ہے جن کا اس پورے معاملے سے کوئی تعلق تھا ہی نہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ بی جے پی نے اس معاملے کو کسی جواز کے بغیر اچھالا ہے۔ یہ کوئی ایسا حساس معاملہ نہیں کہ جس پر زیادہ بات کی جائے اور نوبت تحقیقات تک پہنچے۔ ایک وزیرِاعلیٰ پر کیا موقوف ہے، اور بھی بہت سے لوگوں کو اسنیکس نہیں مل پائے۔

investigation

Himachal Pradesh

SAMOSAY

CID HEADQUARTERS