Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ، 4 اہلکار بہادری سے لڑتے ہوئے شہید

فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشتگرد بھی ہلاک ہوئے
شائع 07 نومبر 2024 08:25pm

جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ ہوئی ہے، جس میں پانچ خارجی دہشتگرد ہلاک ہوئے، جبکہ سکیورٹی فورسز کے چار اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے کرامہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس دوران سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 5 خارجی دہشت گرد کو ہلاک کیا گیا جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں دھرتی کے 4 بہادر سپوتوں نے بھی جام شہادت نوش کیا۔

دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ میں شہید ہونے والے نائب صوبیدار طیب شاہ کی عمر 38 برس اور تعلق ٹانک سے تھا۔ شہید لانس نائیک گلاب زمان کی عمر 30 سال اور تعلق ضلع کرک سے تھا۔ لانس نائک شہید مزمل محمود کی عمر 30 برس اور تعلق ضلع کرک سے تھا جبکہ لانس نائک حبیب اللہ کی عمر 28 برس اور تعلق اورکزئی سے تھا۔

نائب صوبیدار تائب شاہ شہید نے زندگی کے 20 سال تک دفاع وطن کا مقدس فریضہ سرانجام دیا، لانس نائیک گلاب زمان شہید نے 9 سال تک وطن عزیز کی حفاظت کا فریضہ سرانجام دیا، لانس نائیک حبیب اللہ شہید نے 7 سال تک پاکستان کے دفاع کی جنگ لڑی اور لانس نائیک مزمل محمود شہید نے7 سال تک دفاع وطن کا مقدس فریضہ سرانجام دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا نے دہشت گردوں کے خلاف بے جگری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے کو دہشت گردوں سے مکمل طور پر پاک کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز وطن عزیز سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، بہادر سپاہیوں کی عظیم قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے عزم کو تقویت بخشتی ہیں۔

ISPR

South Waziristan