Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

عمران خان کو رہائی دلوانے کا وعدہ، ٹرمپ کی ویڈیو کیوں وائرل ہونے لگی

وائرل ویڈیو کو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شئیر کیا جا رہا ہے
شائع 07 نومبر 2024 09:14am

ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ امریکی صدر منتخب ہونے پر بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے حوالے سے دعوے ہو رہے ہیں۔

واضح رہے ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی صدارتی انتخابات کی دوڑ میں دوبارہ کامیابی حاصل کی اور وہ امریکا کے 47 ویں صدر منتخب ہوئے۔ اس الیکشن میں ان کا مقابلہ موجودہ نائب صدر کملا ہیرس کی زیر قیادت ڈیموکریٹک پارٹی سے تھا۔

ادھر پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان ایک سال سے اڈیالہ جیل میں ہیں اور ٹرمپ کے صدر بننے کو ان کی جیل سے رہائی سے جوڑا جا رہا ہے۔

ایک ویڈیو جو سب سے زیادہ سوشل میڈیا پر زیر گردش ہے اس میں ڈونلڈ ٹرمپ کو عمران خان کو رہا کروانے کے بارے میں سنا گیا۔

ٹرمپ دوسری بار امریکا کے صدر منتخب، کملا نے شکست تسلیم کرلی

دعویٰ

یہ ویڈیو 5 نومبر کو ایک ٹک ٹاک صارف جو اپنے نام اور ماضی کی پوسٹس کی بنیاد پر پی ٹی آئی کے حامی ںظر آتے ہیں، نے ٹرمپ کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ امریکی صدارتی انتخابات جیت جاتے ہیں، تو وہ عمران خان کو جیل سے نکالنے کی پوری کوشش کریں گے۔

وائرل ٹک ٹاک ویڈیو میں نئے منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو امریکی الیکشن جیتنے کی صورت میں آزاد کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔

مذکورہ ویڈیو کو 2 ملین سے زائد افراد نے دیکھا جبکہ اسے 19 ہزار 300 افراد نے ری شئیر کیا۔

مذکورہ ویڈیو کو یہاں یہاں اور یہاں شئیر کیا گیا۔

ویڈیو کی حقیقت

وائرل ویڈیو کی حقیقت معلوم کی گئی تو پتہ چلا یہ کلپ جعلی ہے۔ یہ ویڈیو دراصل 2017 کا ہے جسے گمراہ کن آڈیو کے ساتھ ڈب کیا گیا ہے۔

وائرل ویڈیو کی تصدیق کے لیے تفتیش کاروں نے گوگل ریورس امیج سرچ کا استعمال کیا۔ یہ تلاش انہیں NBC News کے یوٹیوب چینل تک لے گئی، جہاں انہیں 12 مئی 2017 کا اصلی ویڈیو کلپ ملا۔ یہ کلپ ڈونلڈ ٹرمپ اور لیسٹر ہولٹ کے درمیان ایک خصوصی انٹرویو کا حصہ تھا، جس میں خاص طور پر جیمز کومی کو برطرف کرنے کے ٹرمپ کے فیصلے پر بحث کی گئی تھی۔

یہ کلپ 2017 کا ہے جس پر اے آئی کی مدد سے مکمل طور پر ڈبنگ کے ذریعے دوسری آواز بٹھائی گئی ہے۔

لہٰذا ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے پر عمران خان کو رہائی ملنے کے امکانات کی خبریں بے بنیاد ہیں۔

Donald Trump

imran khan