خیبرپختونخوا: محکمہ ایکسائز کے سابق آفیسرز 70 سے زائد قمیتی سرکاری گاڑیاں اپنے ساتھ لے گئے
خیبرپختونخوا میں محکمہ ایکسائز کے سابق آفیسرز 70 سے زائد قمیتی سرکاری گاڑیاں اپنے ساتھ لے گئے ہیں، انکشاف ہونے پر محکمہ ایکسائز نے کارروائی شروع کردی ہے۔
محکمہ ایکسائز کی جانب سے آج نیوز کو موصول دستاویز میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ڈی جیز اور سیکرٹریز سمیت سابق آفیسرز کے پاس 70 سے زائد قمیتی سرکاری گاڑیاں موجود ہیں۔
دستاویز کے مطابق سابق ڈی جی عاطف الرحمٰن کے پاس تین، سابق سیکرٹری ایکسائز اسلام زیب کے پاس 4، سابق ڈی جی ثاقب رضا کے پاس تین، عادل شاہ کے پاس بھی تین، اقبال حیدر سابق سیکرٹری
کے پاس چار گاڑیاں موجود ہیں۔
اسی طرح سابق ڈی جی ایکسائز ظفر اسلام تین گاڑیاں محکمے سے اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔
دستاویز کے مطابق شاہ فہد، رفیق مہمند، محمد طاہر، عبدوالی منصور، ارشد مشرف مروت، یوسف کریم، سید مظہرعلی شاہ، عطاءالرحمٰن، ظاہر شاہ، محمد اکبر، نسیم حان، خالد مطیع اللہ، شاہ نواز، انعام گنڈاپور، فضل الہیٰ ایک ایک گاڑی پر قابض ہو چکے ہیں۔
محکمہ ایکسائز نے آفیسر سے گاڑیوں کی واپسی کے لیے کارروائی شروع کردی ہے۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق گاڑیاں واپس نہ کرنے پر افسران سے ریکوری کے لئے ان کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
محکمہ ایکسائز کا کہنا ہے کہ ایکسائز گاڑیوں کی ریکوری میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں کی جائے گی، وزیراعلیٰ کے احکامات پر اس دفعہ ہر صورت سرکاری گاڑیوں کی ریکوری کریں گے ۔
دوسری جانب ایکسائز ذرائع کا کہنا ہے کہ چھ گاڑیاں پکڑنے کے باوجود اعلیٰ افسران کی مداحلت پر واپس چھوڑ دی گئی ہیں، دو سرکاری گاڑیاں خصوصی اسکواڈ نے پکڑ کر وئیر ہاؤس میں پارک کر دیں۔
Comments are closed on this story.