ٹرمپ کو عمران خان کی مبارکباد مل گئی
امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کو کامیابی پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی جانب سے بھی مبارکباد موصول ہو گئی ہے، پی ٹی آئی رہنما ذلفی بخاری نے عمران خانی کی جانب سے ٹرمپ کو مبارکباد دی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر جاری اپنے بیان میں ذلفی بخاری نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ اور جے ڈی وانس کو جیت مبارک ہو۔
انہوں نے لکھا کہ یہ عظیم فتح بڑی مشکلات اور رکاوٹوں کا سامنا کرتے ہوئے حاصل کی گئی، یہ کامیابی حقیقی تبدیلی اور معاشی استحکام کے لیے ایک واضح آواز ہے۔
ذلفی بخاری نے لکھا کہ مستقبل کے حوالے سے یہ بڑے امکانات کا دور ہے، ہمیں امید ہے یہ نیا باب عالمی مسائل کے حل کی سمت میں فیصلہ کن اقدامات کا مشاہدہ کرے گا۔
ذلفی بخاری نے مزید لکھا کہ بالخصوص غزہ میں جاری تنازعے کے خاتمے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کی امید ہے، دعا ہے کہ یہ وقت اتحاد کا ہو اور سب کے لیے دنیا میں امن و خوشحالی لائے۔
اپنی پوسٹ میں ذلفی بخاری نے لکھا کہ جمہوریت کی کامیابی دیکھ کر باقی سب کو بھی امید ملتی ہے۔
Comments are closed on this story.