Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

نئی امریکی لیڈر شپ ایسا نہیں کرے گی جو بائیڈن کے دورِ حکومت میں ہوا، علی محمد خان

خاتون وزیر اعلیٰ کے ہوتے ہوئے خواتین ورکرز پر ظلم ہورہا ہے، علی محمد خان
شائع 06 نومبر 2024 05:32pm

پاکستان تحریک انصفا کے رہنما علی محمد خان کا کہنا ہے کہ ہمیں کسی دنیا کی طاقت سے یا شخص سے امید نہیں ہے اپنے اللہ سے امید ہے، امریکہ کی نئی لیڈر شپ ایسا نہیں کرے گی جو بائیڈن حکومت کے دور میں ہوا۔

علی محمد خان نے عمران خان سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دو ماہ بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی ہے، ہائیکورٹ کا آرڈر بھی تھا مگر اس کے باوجود ملاقات نہیں ہوئی تھی۔

علی محمد خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سابق وزیر اعظم بھی تھے اور ہیرو بھی تھے، کیا قومیں اپنے ہیروز کے ساتھ یہ سلوک کرتی ہیں، قوم کے لیڈر کو اڈیالہ کی کال کوٹھری میں ڈالا گیا ہے، قوم کے لیڈر نے ہمیشہ کہا ملک میرا فوج بھی میری اور ادارے بھی میرے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم جس طریقے سے پاس کی گئی وہ فسطائیت آج بھی جاری ہے، جس طرح خواجہ شیراز کو اٹھایا گیا، خاتون وزیر اعلیٰ کے ہوتے ہوئے خواتین ورکرز پر ظلم ہورہا ہے، اگر آپ یہ نہیں کر رہے کوئی اور کر رہا ہے تو آپ کرسی چھوڑ دیں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کسی دنیا کے طاقت سے یا شخص سے امید نہیں ہے اپنے اللہ سے امید ہے بس، امریکا کی نئی لیڈر شپ ایسا نہیں کرے گی جو بائیڈن حکومت کے دور میں ہوا۔

علی محمد خان نے کہا کہ آئینی ترمیم پر اپوزیشن سے حکومت نے رابطہ کیوں نہیں کیا، تحریک انصاف نے ملک کی بہتری کے لئے قانون سازی کی ہمیشہ حمایت کی ہے، آپ نے پارلیمنٹ میں بحث کیوں نہیں کروائی، ہم اپنے ادارے کی مضبوطی چاہتے ہیں، پارلیمنٹ میں اس کو لانا چاہیے تھا، آپ سپریم کورٹ کی طاقت کو کم کیوں کر رہے ہیں۔

علی محمد خان نے مزید کہا کہ بانی چیئرمین دوبارہ آئے گا، سفر دوبارہ وہی سے شروع ہو گا جہاں سے رجیم چینج آئی تھی۔

Ali Muhammad Khan

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)