Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

مریم نواز کی نوازشریف کو پی آئی اے خریدنے کی تجویز، اس پرکام کریں گے، لیگی قائد

وزیراعلیٰ پنجاب قومی ایئر لائن خرید کر 'ایئرپنجاب' کے نام سے چلانے کی خواہشمند
اپ ڈیٹ 03 نومبر 2024 07:34am

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے والد نواز شریف سے قومی ایئر لائن ”پی آئی اے“ کو خرید کر ”ایئر پنجاب“ کے نام سے چلانے کی خواہش کا اظہار کردیا ہے۔

نواز شریف نے اس بات کا انکشاف نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ بعد ازاں لندن پہنچنے پر لیگی قائد کا کہنا تھا کہ پی آئی اے سے متعلق پنجاب حکومت نے جو بات کی اس پر مزید کام کرنے کا ارادہ ہے، اگر ایسا ہوجائے تو ملک کو ایک اچھی ایئرلائن میسر آئے گی۔

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی نجکاری کا عمل مکمل نہ ہونے کے باعث ایک بار پھر یہ سوال اٹھایا جارہا ہے کہ کیا حکومت خود قومی ایئرلائن کو چلائے گی یا ایک بار پھر نجکاری کے لیے کوششیں کی جائیں گی۔

دو روز قبل جب پی آئی اے کی نیلامی کے لیے بولی کا عمل ہوا تو واحد خریدار بلیو ورلڈ سٹی نے محض 10 ارب روپے کی بولی دی، جبکہ نجکاری کمیشن نے 85 ارب روپے سے زیادہ کی ڈیمانڈ کی تھی، جس کے باعث نجکاری کا عمل مکمل نہیں ہوسکا۔

پی آئی اے کی نجکاری کا عمل مکمل نہ ہونے کے باعث خیبرپختونخوا حکومت نے پی آئی اے کو خریدنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے اور اس حوالے سے وفاقی حکومت کو خط بھی لکھ دیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے بھی پی آئی اے کو خریدنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کی خواہش ہے کہ وہ پی آئی اے کو خرید کر ایئر پنجاب کے نام سے لانچ کریں۔

نواز شریف نے کہا کہ میں نے مریم نواز کو مشورہ دیا کہ آپ نئی ایئرلائن بھی شروع کرسکتی ہیں۔ ایسی ائیر لائن جو دنیا کے ہر حصے میں جائے۔ میرا خیال ہے اس معاملے پر غوروخوض ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی تباہی پر بہت دکھ ہوتا ہے، میں خود پرواز بدل کر امریکا پہنچا ہوں، پی آئی اے کی خریداری یا نئی ایئرلائن کے حوالے سے مریم نواز غور و خوض کررہی ہیں۔

نواز شریف نے کہاکہ تحریک انصاف نے اپنے دور میں پی آئی اے کو تباہ کیا، ان کے ایک وزیر نے اسمبلی فلور پر کہا کہ ہمارے پائلٹس کی تعلیمی قابلیت پوری نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے اندر وہ موجود ہیں جنہوں نے پی آئی اے کو برباد کیا، جس نے لائسنس کی بات کی تھی آج وہ شخص چھپا بیٹھا ہے، اگر پائلٹ کے پاس لائسنز نہیں بھی تھے تو کیا یہ کہنے کی بات تھی۔

نواز شریف بعد ازاں امریکہ سے واپس لندن پہنچے جہاں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پی آئی اے سے متعلق پنجاب حکومت نے جو بات کی اس پر مزید کام کرنے کا ارادہ ہے، اگر ایسا ہوجائے تو ملک کو ایک اچھی ایئرلائن میسر آئے گی

نواز شریف نے کہا ملک میں معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں، حکومت کی کوششوں سے مہنگائی میں کمی ہوئی ہے، وزیراعظم شہبازشریف دن رات محنت کر رہے ہیں، مرکز اور پنجاب میں اچھا کام ہو رہا ہے۔

Nawaz Sharif

Maryam Nawaz

pia privatization