ڈونلڈ ٹرمپ نے خواتین سے متعلق متنازع بیان کے بعد خود کو خواتین کا محافظ قرار دیدیا
امریکی صدارتی الیکشن میں چار دن باقی رہ گئے، کملاہیرس اور ڈونلڈ ٹرمپ میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے، دونوں میں سے جو جیتے گا وہ تاریخ رقم کرے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کملاہیرس جوبائیڈن اور ہلیری کلنٹن سے بھی زیادہ نااہل ہیں، ریاست نیو اڈا میں انتخابی ریلی سے خطاب میں کہا ہلیری کم ازکم ذہین تھیں، کملاہیرس میں یہ خصوصیت بھی نہیں ہے، صدارتی امیدواروں کو ذہنی تندرستی کے امتحانات دینے چاہیے۔
کملاہیرس نے جواب دیا کہ امتحان دینے کو تیار ہیں، ٹرمپ بھی ایسا ہی کرکے دکھائیں، ریپبلکن امیدوار ذہنی بیمار شخص ہیں، ان کے پاس امریکی عوام کے لیے کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
اس سے قبل ٹرمپ نے خواتین سے متعلق متنازع بیان دیا اور خود کو خواتین کا محافظ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ خواتین کی حفاظت یقینی بنائیں گے، چاہے خواتین ان سے متفق ہوں یا نہ ہوں۔
مخالف امیدوار کملاہیرس نے ٹرمپ کے بیان کو انتہائی جارحانہ قرار دیا، کہا ٹرمپ خواتین کی آزادی اور ذہانت کو ترجیح نہیں دیتے۔