Aaj News

جمعرات, اکتوبر 31, 2024  
27 Rabi Al-Akhar 1446  

اسموگ کے خاتمے کیلئے کسانوں میں ’سپر سیڈر‘ تقسیم کررہے ہیں، مریم نواز

اسموگ کو ختم کرنے کے لیے ہر شخص کو کردار ادا کرنا ہوگا، وزیراعلیٰ پنجاب
شائع 31 اکتوبر 2024 12:23pm

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ اسموگ ختم کرنا ایک رات،ایک مہینے یا ایک سال کا کام نہیں، کئی سال لگ جائیں گے، اسموگ کو ختم کرنے کے لیے ہر شخص کو کردار ادا کرنا ہوگا، بھارتی پنجاب میں بھی اقدامات کیے جائیں تو فضا بہتر ہوگی، اسموگ کے تدارک کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔

کالا شاہ کاکو میں کسانوں میں زرعی آلات اور سپرسیڈر کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ کسان میرے دل کے بہت قریب ہیں، پنجاب کی ترقی کا راستہ کھیتوں سے ہوکر گزرتا ہے، ملکی ترقی میں زراعت کا اہم کردار ہے، صوبائی وزیر زراعت، سیکرٹری کے کام کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، پنجاب کی زراعت کا شعبہ ایک اہل انسان کے ہاتھ میں ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ میری زراعت کی ٹیم مجھ سے ایک قدم آگے چل رہی ہوتی ہے، زراعت ایسا شعبہ ہے جس کے بغیر ترقی ممکن نہیں، ٹریکٹرز اسکیم کے لیے 16 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، کسانوں میں 300 کے قریب سپرسیڈر تقسیم کررہے ہیں، پنجاب بھر کے کسانوں کو 1000 کے قریب سپر سیڈر فراہم کریں گے، 7 ارب کے سپر سیڈر منصوبے کے لیے پنجاب حکومت 8 لاکھ کی سبسڈی دے رہی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ سپر سیڈر کھاد، بیج سمیت 4 کام بیک وقت کرتا ہے، سپرسیڈر سے فصلوں کی باقیات جلانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، فصلوں کی باقیات جلانے سے ماحول آلودہ اور اسموگ پیدا ہوتی ہے، سپرسیڈر کسانوں کے لیے بہت بڑا منصوبہ ہے، مریم اورنگزیب ماحول کی بہتری کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ سے متعلق کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا

ان کا کہنا تھا کہ اسموگ کا مسئلہ ختم کرنے میں کئی سال لگ جائیں گے، اسموگ ختم کرنا ایک رات، ایک مہینے یا ایک سال کا کام نہیں، فضا کو بہتر کرنے کے لیے بہت کام کرنا ہے، اسموگ کو ختم کرنے کے لیے ہر شخص کو کردار ادا کرنا ہوگا، بھارتی پنجاب کے باعث ہمارے ہاں اسموگ میں اضافہ ہورہا ہے، بھارتی پنجاب کوبھی اسموگ کے تدارک کے لیے ایکشن لینا ہوگا، اسموگ کے تدارک کے لیے تمام ضروری اقدامات کررہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں کسانوں کے لیے جدید مشینری کا اجرا کرنے جارہے ہیں، روٹاویٹر، ہارویسٹر، آلو لگانے والی مشین سمیت جدید آلات فراہم کریں گے، اگلے 60 دن کے اندر 4 ارب کی لاگت سے مہنگی ترین مشینری ہر تحصیل میں موجود ہوگی، کسانوں کو ہر تحصیل میں مہنگی مشینری کی سہولت کرائے پر دستیاب ہوگی، کسان جدید مشینری کی سہولیت سے استفادہ کریں، کسانوں کو معیاری بیج، کھاد اور دیگر سہولیات ایک ہی چھت کے نیچے میسر ہوگی۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب میں فتنہ فساد کرنے کی سازش کی گئی، حکومت میں آئے تو فتنہ فساد لیکن کارکردگی صفر ہے، حکومت اور کسان کے درمیان سازش پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، صفرکارکردگی والے پنجاب حکومت پر بہتان تراشی کرتے رہے ہیں، ہمارے مخالفین بھی پنجاب کی ترقی کی باتیں کرنے لگے ہیں، مخالفین بھی کہنے لگے ہیں پنجاب میں ن لیگ کی ہوا چل پڑی ہے، ترقی کی راہ میں ن لیگ کا کوئی ثانی نہیں ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ صرف الزامات لگائے گئے کارکردگی کچھ نہیں ہے، مخالفین جو باتیں کرتے ہیں وہ مجھ تک پہنچتی ہیں، کارکردگی میں (ن) لیگ کا پلڑہ پہلے بھی بھاری تھا اور بھاری رہے گا، کام کرنا کسی کو آتا ہی نہیں، نقل کے لیے بھی عقل کی ضرورت ہوتی ہے، یہ تو کسی کی نقل بھی نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ مٹرو بس کو جنگلا بس کہنے والوں نے خود بھی جنگلا بس بنادی، ملکی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے، غیر ملکی سربراہان پاکستان آرہے ہیں، ملک میں مہنگائی میں نمایاں کمی آئی ہے، پنجاب میں روٹی کی قیمت کم ہوکر 12 روپے ہوگئی، پنجاب میں آٹے کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عوام کے معیار زندگی میں بہتری آئی ہے، مخالفین، انتشار، فساد پھیلانے کی سیاست کررہے ہیں، کسان کارڈ نے کاشتکارون کو آڑھتیوں کی بلیک میلنگ سے بچالیا، ہر ٹریکٹر پر 10 لاکھ روپے پنجاب حکومت ادا کرےگی۔

Maryam Nawaz

lahore

smog

Maryam Nawaz Sharif

Lahore smog

CM Punjab Maryam Nawaz