Aaj News

جمعرات, نومبر 14, 2024  
11 Jumada Al-Awwal 1446  

کراچی میں سردی کب آئے گی، ماہرین نے بتا دیا

اکتوبر کے آخر تک گرمی کی شدت میں کمی کا امکان نہیں ہے۔
اپ ڈیٹ 31 اکتوبر 2024 10:35am

موسم کی پیش گوئی کرنے والے متعدد اداروں نے امکان ظاہر کیا ہے کہ کراچی میں نومبر کے وسط سے موسم سرما کے اثرات نمایاں ہونا شروع ہوجائیں گے۔

خیال رہے کہ کراچی اور اندرون سندھ ان دنوں سخت گرمی کی لپیٹ میں ہیں جہاں درجہ حرارت 38 سے 40 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے واضح رہے کہ اکتوبر کے آخر تک گرمی کی شدت میں کمی کا امکان نہیں ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ نومبر کی 6 یا 7 تاریخ سے موسمی تبدیلی شروع ہوجائے گی اور نومبر کے وسط تک دن میں درجہ حررات 32 اور 34 سینٹی گریڈ تک آجائے گا۔

مزید برآں، نومبر کے وسط میں شروع ہونے والی ٹھنڈی راتوں کی توقع ہے، جس سے رہائشیوں کو جاری گرمی سے راحت ملے گی۔

دیہی سندھ میں سجاول، ٹھٹہ، عمرکوٹ، میرپورخاص اور تھرپارکر میں درجہ حرارت 42 ڈگری تک بڑھ سکتا ہے۔

تاہم شام کو سمندری ہوائیں واپس آنے کی توقع ہے۔ چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز نے کہا کہ نمی کی سطح 20 سے 30 فیصد کے درمیان رہنے سے ہیٹ ویو بننے سے بچ جائے گا۔

ارلی وارننگ سینٹر نے یہ بھی اشارہ کیا ہے کہ سندھ کے دیہی اضلاع جیسے سجاول، ٹھٹھہ، عمرکوٹ اور تھرپارکر میں درجہ حرارت 37 سے 39 ڈگری کے درمیان رہ سکتا ہے، جب کہ صوبے کے دیگر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔

کراچی

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد کا موسم گرم اور خشک ہے، کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 92 فیصد ہے، جہاں 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتارسے ہوائیں چل رہی ہیں۔

ایئرکولیٹی انڈکس کے مطابق کراچی شہر کا فضائی معیار محضر صحت ہے، دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی آٹھویں نمبر پر ہے، پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی چوتھے نمبر پر آگیا، ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 154 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی۔

طبی ماہرین کی جانب سے ہدایت کی گئی کہ شہر احتیاطی تدابیر کا خاص خیال رکھیں، گھروں سے باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال لازمی کریں۔

بلوچستان

دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، کوئٹہ سمیت چند علاقوں میں صبح اور رات کے وقت ہلکی خنکی برقرار ہے۔

کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت 5، قلات میں 6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، ژوب میں کم سے کم درجہ حرارت 6 اور زیارت میں 5 ڈگری ریکارڈ ہوا۔

اس کے علاوہ سبی میں درجہ حرارت 38، تربت میں40، نوکنڈی میں 34، چمن میں 27، گوادرمیں 33 اور جیوانی میں 32 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

ادھر غذر میں پت جھڑ کا موسم شروع ہوتے ہی علاقے میں سردی نے انٹری ڈال دی، گلگت بلتستان اور بالائی علاقوں کے پہاڑوں پر ہونے والی برفباری سے عوام کو ایندھن کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔

پاکستان

karachi

weather forecast