Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

بادشاہ چارلس اور ملکہ کیملا کا بھارت کا خفیہ دورہ، معاملہ کیا ہے؟

بنگلور کے نواح میں واقع مشہورِ زمانہ ہیلتھ سینٹر میں 3 دن قیام کے دوران کینسر کے علاج کے سیشن کرائے۔
شائع 30 اکتوبر 2024 07:30pm

برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم اور ملکہ کیملا نے بھارت کا خفیہ دورہ کیا۔ وہ بھارت کی سلیکون ویلی کہلانے والے شہر بنگلور گئے۔ بنگلور میں مختصر مدت کا قیام نجی نوعیت کا تھا۔ تخت نشینی کے بعد یہ شاہ چارلس کا بھارت کا پہلا دورہ تھا۔

شاہ چارلس اور ملکہ کیملا تین دن قبل خاموشی سے بنگلور پہنچے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ چارلس اور ملکہ کیملا 27 اکتوبر کو آئے تھے اور تین دن بنگلور کے نواح میں واقع سوکیا انٹرنیشنل ہولسٹک ہیلتھ سینٹر میں قیام کیا۔ شاہ جوڑا سموآ سے آیا تھا جہاں اس نے دولتِ مشترکہ کے رکن ممالک کے سربراہانِ حکومت کے اجلاس میں شرکت کی۔

شاہ چارلس اور ملکہ کیملا 30 اکتوبر کو خاموشی سے واپس چلے گئے۔ ان تین دنوں میں انہوں نے منظرِعام پر آنے سے مکمل طور پر گریز کیا۔ یاد رہے کہ شاہ چارلس میں کینسر کی تشخیص ہوچکی ہے۔ وہ مغربی اور مشرقی دونوں ہی طریق ہائے علاج اور دواؤں پر بھروسا کرتے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ شاہی جوڑا علی الصباح یوگا کی مشقیں کرتا تھا۔ ناشتے کے بعد دوپہر تک شاہ چارلس علاج کے مرحلے سے گزرتے تھے۔

سہ پہر کو کچھ دیر آرام کے بعد پھر دواؤں کا سیشن ہوتا تھا۔ اس کے بعد مراقبے کا سیشن ہوتا تھا۔ رات کے کھانے کے بعد شاہی جوڑا رات 9 بجے سو جاتا تھا۔

تخت نشینی کے بعد شاہ چارلس کی اس ہیلتھ سینٹر میں پہلی آمد تھی۔ ویسے وہ ایک عشرے کے دوران یہاں گیارہ بار آچکے ہیں۔ وہ تین بار یہاں دیوالی بھی مناچکے ہیں۔ 2019 میں چارلس سوم نے کہاں اپنی 71 ویں سالگرہ بھی منائی تھی۔

بنگلور کے نواح میں واقع یہ ہیلتھ سینٹر دنیا بھر کی اشرافیہ میں غیر معمولی مقبولیت کا حامل ہے۔ نوبیل انعام یافتہ آرچ بشپ ڈیزمنڈ ٹوٹو، آسکر ایوارڈ یافتہ ہالی وڈ اداکارہ ایما تھامپسن، ڈچیس آف یارک سارہ فرگوسن اور مشرقِ وسطیٰ و یورپ کے شاہی خاندانوں کے افراد یہاں آتے رہے ہیں۔

King Charles III

Meditation

queen camilla

BANGALURU

HEALTH FACILITY

YOGA SESSIONS