Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی رہنماؤں کی گنڈاپور کی شکایتیں، عمران خان کی نئی احتجاجی کمیٹی بنانے کی ہدایت

قاضی فائز عیسیٰ نے نیب ترمیم اس لئے منظور کی کہ اس میں وہ خود بینیفشری تھا، عمران خان
شائع 30 اکتوبر 2024 05:06pm
علامتی تصویر
علامتی تصویر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد بتایا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے نئی احتجاجی کمیٹی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔

بدھ کو اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی ہے، انہیں بتایا کہ یہ احتجاج ٹھیک نہیں تھے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے احتجاجی حکمت عملی ٹھیک نہیں بنائی۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کچھ فیصلے کیے ہیں جو سلمان اکرم راجہ بتائیں گے۔

شیر افضل مروت کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے پوچھا کہ مولانا فضل الرحمان پر کیا مؤقف ہے، ہمارے ساتھی نے بتایا کہ مولانا کی وجہ سے ملٹری کورٹس نہیں بنے، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اگر ملٹری کورٹس بن جاتے تو بھی مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

عمران خان کو جیل میں الٹیاں ہونے لگیں، عمر ایوب کا انکشاف

شیر افضل مروت نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا نئی احتجاجی کمیٹی بنائیں، میں اس کمیٹی کا حصہ ہوں گا، آگے سردیاں بھی آرہی ہیں اس حوالے سے اسٹریٹجی بنائیں گے، ایسی حکمت عملی بنائیں گے کہ اگر ایک لیڈر پکڑا جائے تو دوسرا لیڈ کرے۔

’قاضی فائز عیسیٰ نے نیب ترمیم اس لئے منظور کی کہ اس میں وہ خود بینیفشری تھا‘

اس موقع پر باہرشعیب شاہین کی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے جو انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہوئی ہے اس پر سپریم کورٹ جاؤں گا۔

شعیب شاہین کے مطابق عمران خان نے کہا کہ پہلے دس دن چھوٹے سے کمرے میں بند رکھا گیا، اگلے دس دن صرف ایک گھنٹہ بانی پی ٹی آئی کو باہر نکلنے کی اجازت تھی، بانی پی ٹی آئی کو فیملی اور وکلاء سے بھی نہیں ملنے دیا گیا، نواز شریف، شہباز شریف اور زرداری کو 40، 40 لوگ ملتے تھے، انہیں گھر کے کھانے سمیت ائیر کنڈیشنر والے کمرے ملے تھے۔

شعیب شاہین کے مطابق قاضی فائز عیسیٰ کے متعلق بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اس نے تو جسٹس منیر کی بھی یاد کو بھلا دیا، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ قاضی فائز عیسیٰ نے فراڈ الیکشن کو تحفظ دیا، قاضی فائز عیسیٰ نے نیب ترمیم اس لئے منظور کی کہ اس میں وہ خود بینیفشری تھا، قاضی فائز عیسیٰ کی بھی لندن میں تین پراپرٹیز تھیں۔

عمران خان کی بہنوں، عمر ایوب اور زین قریشی کا عدالت میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ

شعیب شاہین نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ نواز شریف جب وزیراعظم تھا تو اس نے 22 غیر ملکی دورے کئے، آصف علی زرداری 51 بار دبئی گیا، ملک آئی ایم ایف کا مقروض ہے اور یہ سرکاری اخراجات پر دورے کرتے رہے، نواز شریف اور آصف زرداری اسرائیل کے خلاف ایک بیان بھی جاری نہیں کرسکتے، ان کے مفادات مغرب سے ہیں اس لئے اسرائیل کے خلاف بات نہیں کریں گے۔

شعیب شاہین کے مطابق عمران خان نے کہا کہ قاضی فائز عیسیٰ تاریخ کا بدترین چیف جسٹس ثابت ہوا، قاضی فائزعیسیٰ نے جوڈیشری کے بجائے بیوروکریسی سے آر اوز لے کر فراڈ الیکشن کی بنیاد رکھی۔

برطانیہ میں قاضی فائز کی گاڑی پر حملہ، پی ٹی آئی مظاہرین کیخلاف کارروائی کا اعلان

شعیب شاہین نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے ڈیل کی خبروں کو جھوٹ قرار دیا ہے، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ وہ ملٹری کورٹس سے نہیں ڈرتے، بانی پی ٹی آئی حقیقی آزادی کیلئے جہاد کر رہے ہیں۔

’دشمن ہو مگر کمینہ نہ ہو‘

عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے پھر کہا ان کے ساتھ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، دس دن ان کو 6/8 کے کمرے میں کس کے ایماء پر رکھا گیا، دس دن تک ان کو صرف ایک گھنٹے کیلئے باہر آنے کی اجازت تھی،تین ہفتے اپنی فیملی اور وکلاء سے بھی ملنے کی اجازت نہ تھی۔

علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو ناقص کھانا دیا جاتا رہا، اس طرح کا سلوک تو سزائے موت کے قیدیوں کے ساتھ بھی نہیں ہوتا، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ دشمن ہو مگر کمینہ نہ ہو۔

علیمہ خان نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے خلاف سپریم کورٹ جارہے ہیں،وہ دونوں سپرٹینڈنٹ جیل کو بھی فریق بنائیں گے، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ وہ ہر گز ڈیل نہیں کرینگے، بانی پی ٹی آئی نے پیغام دیا ہے کہ اپنے حق کیلئے کھڑے ہوں یہی وہ وقت ہے۔

imran khan

Ali Amin Gandapur

adiala jail

Shoaib Shaheen

Sher Afzal Marwat

Protest Committee