Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی کے علاقے کورنگی میں ’ہالووین‘ پارٹی پر پولیس کا دھاؤا

پارٹی میں زیادہ تر نوجوان افراد ہالووین تھیم کے تحت ڈراؤنے اور نیم عریاں لباس میں شریک ہوئے۔
شائع 30 اکتوبر 2024 02:08pm

کراچی کے علاقے کورنگی میں ہالووین پارٹی کے انعقاد پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پارٹی بند کروا دی، لیکن کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پارٹی مہران ٹاؤن میں مقامی انتظامیہ کی اجازت سے منعقد کی گئی تھی۔ تاہم، اہل محلہ نے پارٹی کی شکایت کی، جس کے نتیجے میں پولیس نے مداخلت کی۔

رپورٹ کے مطابق پارٹی میں زیادہ تر نوجوان افراد ہالووین تھیم کے تحت ڈراؤنے اور نیم عریاں لباس میں شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ، پارٹی میں شراب اور دیگر نشہ آور چیزوں کے استعمال کی بھی اطلاعات ملیں۔

ہالووین پارٹی میں نشہ آور چیزوں کے استعمال اور شور شرابے کی وجہ سے اہل محلہ نے پولیس سے شکایت کی۔ کورنگی پولیس نے فوری طور پر پارٹی کی جگہ پر پہنچ کر تقریب کو بند کر دیا اور تمام افراد کو وہاں سے نکل جانے کی ہدایت کی۔ تاہم، کسی بھی شخص کو گرفتار نہیں کیا گیا۔

پولیس کی جانب سے ہالووین پارٹی پر کوئی واضح موقف سامنے نہیں آیا، لیکن سوشل میڈیا پر ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد صارفین نے سوال اٹھایا کہ شراب نوشی اور دیگر نشہ آور چیزوں کے استعمال کے باوجود پولیس نے گرفتاریاں کیوں نہیں کیں۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ہالووین ایک مغربی تہوار ہے، جس کی ابتدا امریکا سے ایک صدی قبل ہوئی تھی۔ ابتدا میں، ہالووین پارٹیز کا انعقاد شیطان کی خوشنودی کے لیے کیا جاتا تھا، لیکن جدید دور میں یہ جشن زومبیز کے روپ دھار کر، ڈراؤنے لباس پہن کر یا نیم عریاں ملبوسات میں منانے کا ذریعہ بن چکا ہے۔

امریکا، یورپ، اور دیگر ممالک میں ہالووین کی پارٹیاں ہر سال اکتوبر کے آخر میں منعقد کی جاتی ہیں۔ ان پارٹیوں میں مرد و خواتین مشترکہ طور پر جشن مناتے ہیں، اور کورنگی میں ہونے والی پارٹی میں بھی یہی صورت حال دیکھی گئی۔

پاکستان