Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

جی ایچ کیو حملہ کیس: عمران خان سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر

راشد حفیظ، صداقت عباسی، واثق قیوم عباسی اور زرتاج گل میں چالان کے نقول کی کاپیاں تقسیم کی گئیں
شائع 30 اکتوبر 2024 02:56pm

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں ملزمان میں چالان کی نقول تقسیم کردیں، سابق وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم کے لیے 8 نومبر کی تاریخ مقرر کردی۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے سانحہ 9 مئی اور جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کی، اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب، شیخ رشید، شبلی فراز، زرتاج گل، شیریں مزاری، واثق قیوم عباسی، راجہ بشارت و دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے راشد حفیظ، صداقت عباسی، واثق قیوم عباسی اور زرتاج گل میں چالان کے نقول کی کاپیاں تقسیم کی گئیں۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کردی، بانی چییرمین پی ٹی آئی سمیت دیگر ملزمان پر 8 نومبر کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج سید امجد علی شاہ نے شیخ رشید کی جانب سے مقدمے سے بریت کے لیے دائر ضابطہ فوجداری کی دفعہ 265/K کے تحت درخواست پر فریقین کو نوٹس کردیے۔

شیخ رشید کی جانب سے درخواست وکیل سردار عبدالرازق ایڈوکیٹ نے عدالت میں دائر کی، درخواست بریت پر 8 نومبر کو بحث ہوگی۔

عدالت کی جانب سے مقدمہ کی نقول تقسیم کے بعد آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کیئے جانے کا امکان ہے جو کہ 8 نومبر کو ہوگی۔

یاد رہے کہ ملزمان پر 9 مئی کو توڑ پھوڑ، ہنگامہ آرائی، اہم تنصیبات پر حملے اور جلاؤ گھیراؤ کا الزام ہے۔

rawalpindi

ATC

imran khan

GHQ Attack Case