Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

شیخ نعیم قاسم حزب اللہ کے نئے سربراہ منتخب

حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ 27 ستمبر کو بیروت میں اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہوگئے تھے۔
اپ ڈیٹ 29 اکتوبر 2024 04:01pm

حزب اللہ نے 27 ستمبر کو بیروت میں اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہونے والے سابق سربراہ حسن نصر اللہ کی جگہ نائب سیکرٹری جنرل نعیم قاسم کو منتخب کرلیا۔

حزب نے ایک تحریری بیان میں کہا ہے کہ اس کی شوریٰ کونسل نے 71 سالہ نعیم قاسم کو سیکرٹری جنرل کے انتخاب کے لیے اپنے قائم کردہ طریقہ کار کے مطابق منتخب کیا ہے۔

نعیم قاسم کو 1991 میں اس وقت کے سیکرٹری جنرل عباس الموسوی نے حزب اللہ کا نائب سربراہ مقرر کیا تھا، جو اگلے سال اسرائیلی ہیلی کاپٹر کے حملے میں مارے گئے تھے۔

حسن نصر اللہ کی شہادت کے بعد ایرانی حمایت یافتہ عسکری تنظیم نے ان کے قریبی عزیز ہاشم صفی الدین کو اپنا قائم مقام سربراہ مقرر کیا تھا تاہم رواں ماہ کے آغاز میں بیروت میں ایک اور فضائی حملے کے دوران اسرائیلی فوج نے ہاشم صفی الدین کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا جس کے بعد گزشتہ ہفتے حزب اللہ نے ہاشم صفی الدین کی شہادت کی تصدیق کی تھی۔

اسرائیلی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ہرزی حلوی نے ہاشم صفی الدین کی شہادت کی تصدیق کے بعد ایک بیان میں کہا تھا کہ ہم نصراللہ، ان کے متبادل اور حزب اللہ کی اعلیٰ قیادت تک پہنچ گئے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل ہرزی حلوی نے مزید کہا کہ ہم ہر اس شخص تک پہنچیں گے جو اسرائیلی شہریوں کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔

واضح رہے کہ ہاشم صفی الدین نے گزشتہ سال حزب اللہ کی جانب سے مذاکرات میں نمایاں کردار ادا کیا اور سیکیورٹی وجوہات کی وجہ سے حسن نصراللہ کی عدم شرکت پر مختلف تقریبات سے خطاب بھی کیا۔

HIZBULLAH

Israel's Attack in Lebanon