Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان کا فواد چوہدری کیلئے سخت پیغام

عمران خان نے سلمان اکرم راجہ اورفیصل چوہدری کے مابین صلح صفائی کرا دی،
شائع 28 اکتوبر 2024 07:53pm

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے سلمان اکرم راجہ اور فیصل چوہدری کے مابین صلح صفائی کرا دی۔ فیصل چوہدری کو دوبارہ بانی پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم میں شامل کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق فیصل چوہدری دوبارہ بانی پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم میں شامل ہوگئے ہیں۔ عمران خان نے فیصل چوہدری کو پارٹی پالیسی کے مطابق چلنے کی ہدایت کی ہے۔

ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کمرہ عدالت میں دیرتک فیصل چوہدری سے بغل گیر رہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے سلمان اکرم راجہ کو بھی معاملات ٹھیک کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ذرائع کے مطابق فیصل چوہدری ایڈووکیٹ اور سلمان اکرم راجہ کے درمیان صلح کے وقت بیرسٹر علی ظفر بھی موجود تھے۔

عمران خان نے فیصل چوہدری ایڈووکیٹ کے ذریعے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو بھی پیغام بھجوایا۔

بانی پی ٹی آئی نے اپنے پیغام میں کہا کہ فواد چوہدری سے کہیں لیڈرشپ اور پارٹی کے خلاف بیان بازی سے باز رہیں۔

فواد چوہدری نے عمران خان کی جانب سے پارٹی اور قیادت کے خلاف بیان بازی سے باز رہنے کے پیغام پر ردعمل دیتے ہوئے ”ایکس“ پر لکھا کہ ’عمران خان کا حکم ملا ہے کہ تنقید نہیں کرنی تو اب کیا کرسکتے ہیں‘۔

واضح رہے کہ فواد چوہدری ان دنوں پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت کے خلاف سخت زبان استعمال کررہے تھے۔

فواد چوہدری نے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما و لیگل ٹیم کے اہم رکن سلمان اکرم راجا کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

اس کے علاوہ فواد چوہدری نے مطالبہ کیا تھا کہ موجودہ حالات میں بشریٰ بی بی اور علیمہ خان کو پارٹی کی باگ ڈور سنبھالنی چاہیے۔

پاکستان

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)