پی ٹی آئی میں عمران خان کے علاوہ کوئی دوسرا بلاک نہیں، عمر ایوب
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے کہا کہ پی ٹی آئی میں عمران خان کے علاوہ کوئی دوسرا بلاک نہیں، ہم اپنے نظریے پر قائم ہیں، مصنوعی حکومت ملک کو نہیں چلاسکتی۔
لاہور میں انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ توقع ہے نئے چیف جسٹس آف پاکستان صحیح طریقے سے فرائض ادا کریں گے، اس وقت ہمارے سیکرٹر ی جنرل سلمان اکرم راجہ ہیں، زین قریشی نے کوئی ووٹ نہیں دیا، ہمارے باقی ساتھیوں کو کمیٹی نے شوکاز نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ 26 آئینی ترمیم کا طریقہ کار ہی غلط تھا، جس پارلیمنٹ میں ترمیم پاس ہوئی اس حکومت کا وجود ہی غلط ہے، یہ فارم 47 کی حکومت ہے، سینیٹ بھی مکمل نہیں، کے پی کی سیٹیں نہیں، خواتین کی سیٹوں پر الیکشن کمیشن نے ڈنڈی نہیں ڈنڈا مارا ہوا ہے۔
عمر ایوب نے مزید کہا ہے کہ آپ ٹریکٹر کو موٹروے پر لگا دیں یا موٹروے کی گاڑی کو کھیت میں، چاروں ٹائر دونوں کے ہوتے ہیں لیکن کام مختلف ہوتے ہیں، مولانا فضل الرحمان بھی اپوزیشن کی پارٹی ہیں، ہم بھی اپوزیشن کی پارٹی ہیں، ہم تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ممبر ہیں۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ہمارا اپنا ایک نظریہ ہے، ہم اپنے نظریے پر قائم ہیں، مولانا فضل الرحمان اور ہمارا ہدف ایک ہی ہے، یہ مصنوعی حکومت ملک کو نہیں چلا سکتی، غربت، مہنگائی اور بیروزگاری کو دیکھنا ہے، حکومت کا کسی چیز پر کنٹرول نہیں، کرپشن عروج پر ہے، یہ مہنگائی سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ پورے ملک میں افراتفری ہے، پنجاب میں کچے کے ڈاکوؤں کو یہ کنٹرول نہیں کرسکتے، پاکستان تحریک انصاف میں صرف ایک ہی بلاک ہے وہ بانی پی ٹی آئی کا ہے، پی ٹی آئی میں بانی پی ٹی آئی کے علاوہ کوئی دوسرا بلاک نہیں۔
Comments are closed on this story.