Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

خامنہ ای کا ’عبرانی‘ زبان میں ایکس اکاؤنٹ بنتے ہی معطل

ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے اکاؤنٹ کو اسرائیل کی فوجی کارروائیوں کے جواب میں کھولا تھا
شائع 28 اکتوبر 2024 08:48am

ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای کا سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر عبرانی زبان کا اکاؤنٹ، جسے اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں کھولا گیا تھا، ایک دن بعد معطل کر دیا گیا۔

اس اکاؤنٹ پر خامنہ ای نے ایران پر حالیہ اسرائیلی حملے کا بدلہ لینے کی دھمکی دیتے ہوئے لکھا، ”صیہونی حکومت نے غلطی کی… ہم اسے سمجھائیں گے کہ ایرانی قوم کے پاس کس قسم کی طاقت، صلاحیت، اور کیا ارادہ ہے۔“

خامنہ ای نے اس اکاؤنٹ کو اسرائیل کی فوجی کارروائیوں کے جواب میں کھولا تھا، جس میں اسرائیل نے تہران اور آس پاس کے فوجی مقامات کو نشانہ بنایا۔

معطل ہونے کے بعد اکاؤنٹ پر ظاہر کیا گیا کہ یہ X کے قواعد کی خلاف ورزی کرنے پر بند کیا گیا ہے۔ تاہم، خامنہ ای کا مرکزی اکاؤنٹ اب بھی فعال ہے، جہاں وہ انگریزی اور عربی میں بھی پوسٹس کرتے ہیں۔

انہوں نے عبرانی زبان میں لکھا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے دو روز قبل کیے گئے حملے کو نظر انداز یا بڑھا چڑھا کر پیش نہیں کیا جانا چاہیے، صہیونی ریاست ایران کے بارے میں غلط اندازے لگا رہی ہے، وہ ایران کو نہیں جانتے، کیونکہ وہ تہران کی قابلیت، صلاحیت اور اس کے لوگوں کے عزم کو ٹھیک طرح سمجھے ہی نہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ انہیں اس بارے میں اچھی طرح سمجھا دیا جائے۔

اس دوران، اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے اس بات کی تصدیق کی کہ اسرائیل کے فضائی حملوں نے ایران کے دفاعی اور میزائل کی پیداوار کو ”سخت نقصان“ پہنچایا ہے۔

Iran