Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

سوڈان میں عجیب حادثہ، ہوائی جہاز اور رکشے میں تصادم سے 4 ہلاک، درجن بھر زخمی

'سب کچھ اچانک ہوا تھا ایسے لگ رہا تھا رکشہ اچانک نکل آیا ہے'
شائع 27 اکتوبر 2024 05:28pm
علامتی تصویر
علامتی تصویر

سوڈان میں ایک انتہائی عجیب اور نادر حادثہ رپورٹ ہوا ہے، جہاں ایک طیارے اور رکشے کے درمیان تصادم میں چار افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے۔

مشرقی سوڈان کی ریاست القضارف میں ایک کچے رن وے پر موجود طیارہ وہاں پر موجود رکشے سے ٹکرا گیا۔ واقعے پر مقامی باشندوں میں حیرت اور خوف کی لہر دوڑ گئی۔

مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ جمعہ کو اس وقت پیش آیا، جب ایک ST-CPJ اسپرے کرنے والا طیارہ تل کی کٹائی کرنے والے کارکنوں کو لے جانے والے رکشے سے ٹکرا گیا۔

حادثے کے وقت طیارہ الفشقہ الکبریٰ کے علاقے میں مٹی کے رن وے پر اتر رہا تھا۔

تصادم کے نتیجے میں رکشے میں سوار چار افراد ہلاک اور دیگر زخمی ہوئے جن میں سے ایک کو علاج کے لیے کسلا ہسپتال منتقل کیا گیا، جب ہ طیارے کا یوکرینی پائلٹ، اس کا معاون اور رکشہ ڈرائیور محفوظ رہے۔

ریاست القضارف میں پیداوار اور اقتصادی وسائل کی وزارت کے ڈائریکٹر جنرل عمار عبداللہ نے وضاحت کی کہ طیارہ پرندوں سے نمٹنے کے مشن پر تھا۔ جیسے ہی یہ لینڈنگ کے قریب پہنچا تو پائلٹ کو رن وے پرایک رکشہ دکھائی دیا۔ یہ سب کچھ اچانک ہوا تھا۔ ایسے لگ رہا تھا کہ رکشہ اچانک زمین کے اندر سے باہر نکل آیا ہے۔

ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ طیارے کے دائیں بازو اور فرنٹ پروپیلر کو شدید نقصان پہنچا ہے، جبکہ طیارے کا پورا عملہ بشمول یوکرینی پائلٹ، اس کے سوڈانی انجینئر، انسپکٹر اور رکشہ ڈرائیور محفوظ رہے۔

Sudan

Plane Crash