Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی: فیڈرل بی ایریا میں گیس سلینڈر کی دکان میں دھماکا، آگ لگنے سے 2 افراد جاں بحق

آگ کی وجہ اور ہلاک افراد کی شناخت کیلئے معلومات حاصل کی جارہی ہیں، جاں بحق افراد کی عمریں 35 سے40 سال ہیں، پولیس
اپ ڈیٹ 27 اکتوبر 2024 09:13am

کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں گیس سلینڈر کی دکان میں دھماکے کے بعد آگ لگنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ فیڈرل بی ایریا بلاک 16 میں واقع گیس سیلنڈر کی دکان میں سیلنڈر پھٹنے کے سبب پیش آیا، جہاں دھماکے کے بعد آگ بھڑکنے کی وجہ سے دکان میں موجود دیگر سامان بھی جل گیا۔

آگ کی اطلاع پر فائر بریگیڈ کے دو ٹینڈر جائے وقوعہ پہنچے جس کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا اور آگ بجھانے کے بعد دکان کے معائنے کے دوران جلنے والے ملبے سے 2 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں۔

پولیس کے مطابق لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ہے تاہم فوری طور پر ہلاک افراد کی شناخت نہیں ہوسکی۔

آگ لگنے کے باعث دکان کے اوپر موجود فلیٹوں کو فوری طور پر خالی کرالیا گیا، رہائشی عمارت کے کئی فلیٹ میں دھواں بھر جانے کے بعد خواتین اور بچے فلیٹوں سے باہر نکل آئے۔

دھویں سے فلیٹوں کے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، آگ فلیٹ پراجیکٹ کے گراؤنڈ فلور پر موجود ایل پی جی کی دکان میں لگی۔

پولیس کے مطابق آگ کی وجہ اور ہلاک افراد کی شناخت کے لیے معلومات حاصل کی جارہی ہیں، جاں بحق افراد کی عمریں 35 سے 40 سال ہیں جبکہ جاں بحق افراد سیلنڈر کی دکان پر ہی کام کرتے تھے۔

واقعے کے بعد راشد منہاس روڈ پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا، گلشن اقبال سے سہراب گوٹھ جانے والی سڑک پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، کے الیکٹرک نے علاقے کی بجلی بھی منقطع کردی، فلیٹوں کے نیچے زیادہ تر گاڑیوں کی ورکشاپس قائم ہیں۔

دوسری جانب علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد دکان کے اندر موجود تھے، دکان کو پہلے بھی سیل کیا جاچکا تھا۔

علاقہ مکینوں نے پولیس پر دکان کو دوبارہ کھولنے کی اجازت دینے کا الزام عائد کردیا۔

karachi

fire

Karachi Fire

federal b area