Aaj News

منگل, دسمبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Akhirah 1446  

ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، اقوام متحدہ امن کیلئے کردار ادا کرے، پاکستان

اسرائیلی حملوں سےامن و سلامتی پرخطرات میں اضافہ ہوا، ترجمان دفتر خارجہ
شائع 26 اکتوبر 2024 01:37pm

پاکستان نے ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ پاکستان نے سلامتی کونسل سے اس معاملے میں امن کے قیام کے لیے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے رات گئے ایران پر فضائی حملہ کیا، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ میزائل سازی کی تنصیبات اور دیگر اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے اس حملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ حملے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوجی حملے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہیں، اور یہ علاقائی امن اور استحکام کے لیے نقصان دہ ہیں۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ حملے پہلے ہی عدم استحکام کا شکار خطے میں کشیدگی میں اضافہ کا باعث ہیں، اور اس تنازع کے بڑھنے کی تمام ذمہ داری اسرائیل پر عائد ہوتی ہے۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ بین الاقوامی امن و سلامتی کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو بھی علاقائی امن و سلامتی کی بحالی کے لیے فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔

اسرائیلی فوج نے فضائی حملے کے بعد ایک بیان میں کہا کہ یہ کارروائیاں ایرانی حکومت کی جانب سے ”مہینوں سے جاری حملوں“ کے جواب میں کی گئیں اور انٹیلی جنس کی بنیاد پر میزائل بنانے والی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔

پاکستان

FO