Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

کارساز حادثہ: ’اللہ کی رضا کیلئے نتاشا کو معاف کیا‘ عدالت میں متاثرین کے اہلخانہ کا حلف نامہ جمع

متاثرہ خاندان اورزخمی کےاہلخانہ بھی عدالت موجود تھے۔ آئندہ سماعت تک تمام متعلقہ اداروں سے رپورٹ طلب کرلی
اپ ڈیٹ 26 اکتوبر 2024 01:27pm

سانحہ کارساز حادثہ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ متاثرین کے اہلخانہ نے عدالت میں حلف نامہ جمع کرا دیا جس میں کہا گیا کہ ہم اللہ کی رضا کے لئے نتاشا کو معاف کرتے ہیں۔

کراچی کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ایسٹ میں کارساز حادثہ کیس میں دوران سماعت مرکزی ملزمہ نتاشا دانش اپنے شوہر کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔

دوران سماعت متاثرین کےاہلخانہ نے عدالت میں حلف نامہ جمع کرا دیا جس میں اللہ کی رضا کیلئے نتاشا کو معاف کرنے کا ذکر ہے۔

متاثرہ خاندان اورزخمی کےاہلخانہ بھی عدالت موجود تھے۔ آئندہ سماعت تک تمام متعلقہ اداروں سے رپورٹ طلب کرلی۔ بعدازاں عدالت نے سماعت 31 اکتوبرتک ملتوی کردی۔ اس حوالے سے امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ آئندہ سماعت پر فیصلہ سنایا جا سکتا ہے۔

نتاشا سینٹرل جیل میں قید ہے اور ملزمہ کا ذہنی توازن درست ہے، آئی جی جیل خانہ جات

واضح رہے کہ کارساز حادثہ کیس کی مرکزی ملزم نتاشہ دانش اور جاں بحق ہونے والے دو افراد کے لواحقین کے درمیان معاہدہ کی خبر ستمبر میں آئی تھی۔ جس کے مطابق نتاشہ کے اہل خانہ نے آمنہ کے اہل خانہ کو ساڑھے 5 کروڑ روپے سے زائد دیت کے طور پر پے آرڈر کے ذریعے رقم ادا کی تھی۔

یاد رہے کہ 19 اگست کو کراچی میں کارساز روڈ پر تیز رفتار گاڑی بے قابو ہو کر راہ گیروں پر چڑھ دوڑی تھی، حادثے میں باپ بیٹی جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے تھے جبکہ پولیس نے گاڑی چلانے والی خاتون کو گرفتار کرلیا تھا۔

سانحہ کارساز پر ’خون کا حساب دو لواحقین کو انصاف دو‘ کی پکار زور پکڑنے لگی

حادثے میں موٹر سائیکل سوار عمران عارف اور اس کی بیٹی آمنہ جاں بحق جب کہ 4 شہری شدید زخمی ہوئے، عینی شاہدین نے بتایا تھا کہ جیپ چلانے والی خاتون اپنے حواس میں نہیں تھیں۔

پاکستان