Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

ڈی آئی خان میں ایف سی چیک پوسٹ پر حملے میں 10جوان شہید

شہید ایف سی کے 6 جوانوں کا تعلق جنوبی وزیرستان جبکہ 4 جوانوں کا تعلق ضلع کرک سے تھا
اپ ڈیٹ 25 اکتوبر 2024 11:03pm

ڈیرہ اسماعیل خان میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے ایف سی چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 10 اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔

ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق خوارجی دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے ایف سی کے 10 جوانوں نے جانیں نچھاور کرکے خوارجی دہشت گردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ ناکام بنایا، شہید ہونے والے ایف سی کے 6 جوانوں کا تعلق جنوبی وزیرستان جبکہ 4 جوانوں کا تعلق ضلع کرک سے تھا۔

ترجمان وزارت داخلہ نے بتایا کہ شہداء میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونےو الوں میں نائب صوبیدار محمد جان ، نائیک عارف، لانس نائیک سعید الرحمن، سپاہی اخون زادہ، سپاہی حضرت اللہ، سپاہی مشتاق، سپاہی عبد الصمد، سپاہی عمران، سپاہی بصیر مہتاب شامل ہیں۔

زخمی ایف سی اہلکاروں میں نائیک حمزہ نور، سپاہی حسن، سپاہی صابر ایوب شامل ہیں، جنہیں علاج کے لیے سی ایم ایچ اسپتال ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کیا گیا ہے۔

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ایف سی کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ایف سی دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے اور قیام امن کے لیے پر عزم ہے، شہداء کی عظیم قربانیاں ہمارے غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

صدر مملکت آصف زرداری

دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کے حملے میں 10 ایف سی کے جوانوں کی شہادت پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ صدر مملکت نے دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی اور شہید جوانوں کے جذبہ حب الوطنی اور بہادری کو سراہا۔ انہوں نے شہید جوانوں کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے بلندی درجات اور صبر کی دعا کی۔

وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ضلع بنوں میں دہشتگرد حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے درازندہ میں خوارجی دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

شہباز شریف نے ضلع بنوں میں دہشت گرد حملے میں 2 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر بھی اظہار افسوس کرتے ہوئے شہدا کی بلندی درجات کی دعا اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پر عزم ہیں۔ پوری قوم شہدا کو سلام پیش کرتی ہے۔

وزیرداخلہ محسن نقوی

دریں اثنا وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے میں ایف سی چیک پوسٹ پر خوارجی دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

انہوں نے بنوں میں ایس ایچ او تھانہ جانی خیل کی گاڑی اور کوہاٹ میں سب انسپکٹر پر فائرنگ کے واقعات کی بھی مذمت کی اور حملے میں شہید ایف سی کے 10 اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

پاکستان

اسلام آباد