Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

اسلام آباد ہائیکورٹ کا عمران خان کے چیک اپ کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم

میڈیکل بورڈ میں بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان کو شامل کرنے کا حکم دیا گیا
شائع 24 اکتوبر 2024 03:42pm

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کے چیک اپ کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے فیصلہ جاری کیا۔ میڈیکل بورڈ میں بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان کو شامل کرنے کا حکم دیا گیا۔

عدالت نے حکم دیا کہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز کو بانی پی ٹی آئی کے میڈیکل چیک اَپ کے لیے بورڈ تشکیل دیں اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز میڈیکل بورڈ تشکیل دے کر رپورٹ رجسٹرار آفس میں جمع کرائیں، عدالتی آرڈر کی کاپی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو بھی عملدرآمد کے لیے بھیجی جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم نامے میں لکھا کہ بانی پی ٹی آئی کی عمر 72 سال، سابق وزیراعظم اور انڈر ٹرائل قیدی ہیں، اڈیالہ جیل میں سیکیورٹی اقدامات کوالیفائیڈ ڈاکٹر کے بی کلاس قید کے چیک اَپ میں رکاوٹ نہیں ہو سکتے۔

عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست ہدایات کے ساتھ نمٹا دی۔ عمران خان نے اپنے ذاتی معالجین سے میڈیکل چیک کے لیے درخواست دائر کی تھی۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے ذاتی معالج کی نگرانی میں طبی معائنے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے 15 اکتوبر کو ایس سی او سربراہ کانفرنس کے موقع پر احتجاج کی کال اس شرط پر واپس لی تھی کہ بانی چیئرمین طبی معائنہ کرایا جائے گا تاہم پی ٹی آئی چیئرمین کے ذاتی معالج کو جیل میں رسائی نہیں دی گئی تھی اور 2 سرکاری ڈاکٹرز نے جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی کا معائنہ کرکے ان کی صحت کو تسلی بخش قرار دیا تھا۔

imran khan

Islamabad High Court

justice miangul hassan aurangzeb

IMRAN KHAN Adiyala Jail

Medical Certificate