Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

بس ایک دن کیلئے برداشت کرلیں، چیف جسٹس شیشم کے درخت کاٹنے کیخلاف کیس میں ریمارکس

سپریم کورٹ نے خیبرپختونخوا میں جنگلات کے تحفظ سے متعلق کیس نمٹا دیا
شائع 24 اکتوبر 2024 01:48pm

سپریم کورٹ نے خیبرپختونخوا میں جنگلات کے تحفظ سے متعلق کیس نمٹا دیا، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ آئینی اداروں کے لیے وہی الفاظ استعمال ہونے چاہئیں جو آئین میں لکھے ہوئے ہیں، بس ایک دن کے لیے برداشت کر لیں۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے خیبر پختونخوا میں 218 شیشم درخت کاٹنے کے خلاف کیس سماعت کی۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے 26 ویں آئینی ترمیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اخبار میں لکھا گیا ہے کہ نئی ترمیم میں ماحولیات کے تحفظ سے متعلق کوئی شق شامل کی گئی ہے، جس پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختوںخوا نے کہا کہ جی ہاں 26 ویں آئینی ترمیم کے آرٹیکل 9 اے میں کہا گیا ہے کہ ہر شہری صحت مندانہ ماحول کا حقدار ہے۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ آئینی ترمیم میں ماحولیات کے تحفظ کی شق شامل کرنا قابل تعریف ہے، دنیا کے چند ممالک کی طرح پاکستان کے آئین میں بھی ماحولیات کے تحفظ کا زکر اب موجود ہے، صاف اور شفاف ماحول کو آئین میں شامل کرنے سے قدرتی ماحول کو تحفظ ملے گا۔

عدالت عظمیٰ نے کہا کہ سائنسی طور پر بھی ثابت ہے قوموں کی اچھی صحت اچھے ماحول پر منحصر ہے، اسلام نے بھی صاف ستھرے ماحول کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے، آلودہ ماحول سے جنگلات، دریا اور ندیاں متاثر ہوتی ہیں، ماحولیاتی آلودگی کے سبب کئی شہروں میں رہنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

چیف جسٹس نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختوںخوا سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ سارا بوجھ آپ پر ہی ہے کوئی اورلاء افسر کیوں نہیں آتا، جس پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے جواب دیا کہ اب آگے باقی لا افسران بھی آیا کریں گے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے مسکراتے ہوئے استفسار کیا کہ آپ کے اس جملے میں کہیں کوئی مطلب تونہیں چھپا ہوا، جس پر خیبر پختونخوا حکومت کے وکیل نے جواب دیا کہ ایسا نہیں ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ معزز اور عزت مآب جیسے الفاظ آئینی اداروں کے لیے استعمال نہ کیا کریں، آئینی اداروں کے لیے وہی الفاظ استعمال ہونے چاہیں جو آئین میں لکھے ہوئے ہیں، بس ایک دن کے لیے برداشت کر لیں، جس پر خیبرپختونخوا حکومت کے وکیل نے کہا کہ ایسا نہیں ہے ہمیں آپ سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔

عدالت نے خیبرپختونخوا میں جنگلات کے تحفظ سے متعلق کیس نمٹا دیا۔

Supreme Court

اسلام آباد

Justice Qazi Faez Isa

Chief Justice Qazi Faez Isa