Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے آخری روز کا عدالتی روسٹر جاری

چیف جسٹس کی ریٹائرمنٹ پر فل کورٹ ریفرنس کل ہوگا جبکہ جسٹس منصور علی شاہ چھٹی پر ہوں گے، روسٹر
اپ ڈیٹ 24 اکتوبر 2024 01:54pm

سپریم کورٹ آف پاکستان نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے آخری روز کا عدالتی روسٹر جاری کردیا۔

عدالتی روسٹر کے مطابق چیف جسٹس اپنے آخری روز چیمبر ورک کریں گے، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اپنے آخری روز کسی بھی بینچ میں شامل نہیں۔

روسٹر کے مطابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی ریٹائرمنٹ پر فل کورٹ ریفرنس کل صبح 10:30 بجے ہوگا، جسٹس منصور علی شاہ چھٹی پر ہوں گے۔

جمعے کے روز کے لیے سپریم کورٹ کی جانب سے 7 بینچز تشکیل دیے گئے ہیں، بینچ نمبر ایک میں جسٹس منیب اختر، جسٹس اطہر من اللہ شامل ہیں، بینچ نمبر 2 میں جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد وحید شامل ہیں۔

بینچ نمبر 3 میں جسٹس امین الدین، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس عرفان سادات شامل ہیں، بینچ نمبر 4 میں جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس شہزاد احمد خان شامل ہیں، بینچ نمبر 5 میں جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس عقیل عباسی شامل ہوں گے۔

اسی طرح بینچ نمبر 6 میں جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس شاہد بلال حسن شامل ہیں جبکہ بینچ نمبر 7 میں جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل شامل ہیں۔

یاد رہے کہ چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے 25 اکتوبر جمعہ کے روز ریٹائر ہو جائیں گے۔

چیف جسٹس آف پاکستان کے تقرر کے لیے قائم خصوصی پارلیمانی کمیٹی نے جسٹس یحییٰ آفریدی کو اگلا چیف جسٹس آف پاکستان نامزد کیا تھا جبکہ صدر آصف زرداری نے ان کی بطور چیف جسٹس تعیناتی کی منظوری دی ہے جس کے بعد وزارت قانون نے ان کی تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا تھا، جسٹس یحییٰ آفریدی 26 اکتوبر کوعہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

گزشتہ روز نامزد چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کو ساتھی ججز کی جانب سے مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری رہا تھا، چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملاقات کرکے مبارک باد پیش کی ہے، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد وحید نے بھی جسٹس یحییٰ آفریدی کو چیف جسٹس نامزد ہونے پر مبارکباد پیش کی تھی۔

Supreme Court

اسلام آباد

Justice Qazi Faez Isa

Chief Justice Qazi Faez Isa