Aaj News

بدھ, اکتوبر 23, 2024  
19 Rabi Al-Akhar 1446  

آئی ایم ایف کی رواں سال پاکستان میں مہنگائی اور بے روزگاری میں کمی کی پیشگوئی

معاشی ترقی کی رفتار میں بھی بتدریج تیزی متوقع
شائع 22 اکتوبر 2024 10:18pm

عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے رواں مالی سال 25- 2024 میں پاکستان میں مہنگائی اور بے روزگاری میں کمی کی پیش گوئی کر دی ہے۔

آئی ایم ایف کی جانب سے جاری ورلڈ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ 2024 کے مطابق رواں مالی سال پاکستان میں مہنگائی کی اوسط شرح 9.5 فیصد رہے گی اور بے روزگاری کی شرح کم ہوکر 7.5 فیصد پر آنے کا امکان ہے اور معاشی ترقی کی رفتار میں بھی بتدریج تیزی متوقع ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں اس سال مہنگائی کی اوسط شرح 9.5 فیصد رہے گی جو گزشتہ سال 23 فیصد سے زیادہ تھی، مہنگائی کی سالانہ شرح 12 فیصد ہدف کے مقابلے میں 10.6 فیصد تک محدود رہنے کی بھی توقع ہے۔

آئی ایم ایف نے کہا کہ رواں مالی سال شرح نمو 3.2 فیصد رہے گی، اگلے سال 4 فیصد اور 2029 تک بتدریج 4.5 فیصد تک پہنچنے کا امکان ہے۔

ورلڈ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ کے مطابق 2024 میں عالمی معیشت 3.2 فیصد کی شرح سے ترقی کرے گی، البتہ علاقائی تنازعات، سماجی تناؤ اور موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے پیٹرولیم مصنوعات اور اجناس کی عالمی سپلائی اور پالیسی ریٹ میں کمی کی کوششیں متاثر ہو سکتی ہیں۔

آئی ایم ایف نے کہا کہ امریکا میں صدارتی انتخابات سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں الکیشنز سے عالمی معاشی پالیسیوں میں تبدیلی بھی متوقع ہے۔

پاکستان

IMF

unemployment

Inflation