Aaj News

ہفتہ, نومبر 30, 2024  
27 Jumada Al-Awwal 1446  

حامد خان اور عابد زبیری نے آئینی ترمیم کیخلاف وکلا تحریک کا اعلان کر دیا

وکلا 2007کی طرح عدلیہ کا تحفظ کریں گے،حامد خان، آزاد عدلیہ کا گلا گھونٹ دیا گیا، سلمان اکرم راجہ
اپ ڈیٹ 22 اکتوبر 2024 08:29am

رہنما پی ٹی آئی اور ایڈووکیٹ حامد خان نے کہا ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کے لیے نیشنل ایکشن کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

سلمان اکرم راجہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ جس سے طرح ہم نے عدلیہ کے تحفظ کےلیے 2002 اور 2007 میں کمیٹی بنا کر احتجاجی تحریک چلائی تھی اسی طرح اب اس کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری سے آئین کی دھجیاں اڑ رہی ہیں، اس کمیٹی میں ہائیکورٹ بار کے تمام صدور، بار کونسل کے اراکین،سپریم کورٹ بار کے سابقہ صدور سمیت تمام بار کونسلز کے نمائندے ہوں گے۔

حامد خان نے کہا کہ نیشنل ایکشن کمیٹی میں سماجی کارکن بھی شامل ہوں اور آئندہ چند دنوں میں اس حوالے سے مکمل لائحہ عمل پیش کریں گے کہ تحریک کو کس طرح آگے لے کر جانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئیں اور عدلیہ کے تحفظ کے لیے وکیل ہراول دستہ ہوتے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و قانون دان سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ آئینی ترمیم کے بعد حکومت کو مرضی کے ججز لگانے کا اختیارمل گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میثاق جمہوریت کا موجودہ دور سے کوئی تعلق نہیں ہے، آزاد عدلیہ کا گلا گھونٹ دیا گیا ہے، اب یہ صرف پی ٹی آئی کا معاملہ نہیں سب کو سڑکوں پر نکلنا ہوگا۔

سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ جو سانحہ ہونا تھا وہ تو ہوگیا، جن لوگوں نے غداری کی ان کے حوالے سے ابہام نہیں، جو غائب رہے اور ووٹ نہیں ڈالا ان کا کردار بھی مشکوک ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہماری تحقیق جاری ہے، جلد سب سامنے آجائے گا،جن لوگوں نے ہم سے رابطہ منقطع کیا ان سے بھی پوچھا جائے گا، زین قریشی بھی انہیں افراد میں شامل ہیں۔

پاکستان

26th Constitutional Amendment