Aaj News

ہفتہ, نومبر 30, 2024  
27 Jumada Al-Awwal 1446  

یہ صرف ترمیم نہیں بلکہ اتفاق رائے اور یکجہتی کی مثال ہے، وزیراعظم

اس سے پہلے حکومتوں کو گھر بھیجا جاتا تھا، ملک کو اربوں کا نقصان ہوا، شہباز شریف
شائع 21 اکتوبر 2024 09:31am

آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد وزیراعظم شہبازشریف نے قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج تاریخی دن ہے الحمدللہ، یہ صرف ترمیم نہیں بلکہ اتفاق رائے اور یکجہتی کی مثال ہے، آج نیا سورج طلوع ہوگا جس کی روشنی پورے ملک میں ہوگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس سے پہلے حکومتوں کو گھر بھیجا جاتا تھا، ملک کو اربوں کا نقصان ہوا، لاکھوں لوگ انصاف کیلئے ترس رہے ہیں، اس ترمیم سے انصاف آسان ہوگا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ میثاق جمہوریت پر دستخط 2006 میں لندن میں ہوئے تھے، میثاق جمہوریت پر نواز شریف اور بینظیر بھٹو نے دسختط کئے، میثاق جمہوریت پر مولانا فضل الرحمان نے بھی دستخط کئے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ آج حکومت، اتحادی جماعتوں، جے یو آئی اور آزاد ارکان نے ووٹ ڈالے، آج طے ہوگیا کہ پارلیمنٹ سپریم ہے، ہم پر طرح طرح کے الزامات لگائے گئے لیکن ابھی وقت نہیں کہ ان کا جواب دوں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک کی تاریخ میں اچھے اور بڑے بڑے ججز بھی آئے ہیں، ایک پاناما تھا جو ختم ہوگیا، پھر اقامہ پر سزا دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ آج میثاق جمہوریت کا ادھورا خواب پایہ تکمیل کو پہنچ گیا، ماضی میں جو ہوا اب کسی وزیراعظم کو گھر نہیں بھیجا جاسکے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ بلاول بھٹو نے خلوص دل سے بے پناہ محنت کی، مولانا فضل الرحمان کا بھی دل کی گہرائیوں سے شکریہ اداکرتاہوں، اپنی ناراضی اور زوردار دلائل کے بعد مولانا نے اہم کردار ادا کیا، کاش پی ٹی آئی بھی اس میں شامل ہوتی تو بہت اچھا ہوتا، ملک کو پیغام گیا کہ ہاؤس میں موجود پارٹیوں نے ملک کیلئے ذاتی مفاد کو قربان کیا۔ تمام جماعتوں نے آگے بڑھ کر 26 ویں ترمیم منظور کی، جو پاکستان کی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھے گی۔

پاکستان

26th Constitutional Amendment