Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

جرمنی میں اسرائیلی سفارت خانے پر حملے کا منصوبہ، ایک شخص گرفتار

دارالحکومت برلن کے نزدیک برنو اور سینکٹ آگسٹائن شہروں پر پولیس کے چھاپے
شائع 20 اکتوبر 2024 08:02pm

جرمن پولیس نے داعش سے مبینہ تعلق کے حامل ایک شخص کو اسرائیلی سفارت خانے پر حملے کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ اس شخص کو ملک کی اعلیٰ ترین عدالت دی فیڈرل کورٹ آف جسٹس میں پیش کیا گیا ہے۔

اسرائیلی سفارت خانے کے عملے نے بتایا کہ حملے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی اور اس حوالے سے بعض مشکوک سرگرمیوں کی اطلاعات ملی تھی جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے بتایا کہ پولیس نے اسرائیلی سفارت خانے کی فراہم کردہ معلومات کی روشنی میں برنو کے علاقے میں ایک اپارٹمنٹ پر چھاپہ مارا۔ برنو دارالحکومت برلن سے کچھ فاصلے پر واقع ہے۔

جرمنی میں اسرائیلی سفیر رون پروزور نے سفارت خانے کے عملے کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرنے پر جرمن پولیس اور حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔ جرمن اخبار بلڈ نے بتایا ہے کہ اسی سلسلے میں جرمنی کے مغربی شہر سینکٹ آگسٹین میں بھی ایک اپارٹمنٹ پر چھاپہ مارا گیا۔

یاد رہے کہ ماہِ رواں کے اوائل میں ڈنمارک میں اسرائیلی سفارت خانے کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ کوپن ہیگن میں اسرائیلی سفارت خانے کے باہر بم دھماکے ہوئے تھے۔ اس کے بعد پورے یورپ میں اسرائیلی سفارتی مشنز کی سیکیورٹی میں غیر معمولی اضافہ کردیا گیا تھا۔ بھارت سمیت کئی دوسرے ممالک میں بھی اسرائیلی سفارتی مشنز کی سیکیورٹی اپ گریڈ کردی گئی ہے۔

Police Raid

ONE MAN ARRESTED

GERMAN CITY BERNAU

ISRAELI EMBASSY TARGETED

ISIS CONNECTION