Aaj News

بدھ, نومبر 20, 2024  
17 Jumada Al-Awwal 1446  

کینیڈین سکھ لیڈر کے قتل کی سازش، 2 بھارتی باشندوں پر فردِ جرم

وکاس یادو بھارتی خفیہ ادارے کا افسر ہے، نکھل گپتا کو چیک جمہوریہ میں گرفتار کرکے امریکا لایا گیا۔
شائع 18 اکتوبر 2024 10:19pm

کینیڈا اور امریکا کی شہریت کے حامل خالصتان نواز سکھ لیڈر گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش کے حوالے سے قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ وکاس یادو اور نکھل گپتا پر امریکی تفتیش کاروں نے گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔ نکھل گپتا کو چیک جمہوریہ میں گرفتار کرنے کے بعد امریکا لایا گیا ہے۔ محکمہ انصاف نے دونوں پر فردِ جرم عائد کردی ہے۔

مودی سرکار نے دو دن قبل امریکا اور کینیڈا کے دباؤ پر وکاس یادو کے خلاف فردِ جرم عائد کی ہے۔ تفتیش کاروں نے بتایا کہ بھارت کے خفیہ ادارے ریسرچ اینڈ اینیلسز ونگ (را) کے افسر وکاس یادو اور نکھل گپتا نے، جو منشیات اور ہتھیاروں کی اسمگلنگ میں ملوث ہے، مئی 2023 میں گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش تیار کی۔ یہ سازش بھارتی سرزمین پر تیار کی گئی۔

یادو اور گپتا نے مل کر امریکا میں ایک ایسے سفید فام شخص کو کرائے کے قاتل کے طور پر یہ کام سونپنا چاہا جس کے بارے میں انہیں معلوم نہ تھا کہ وہ قانون نافذ کرنے والے امریکی اداروں کے لیے مخبر کی حیثیت سے کام کرتا رہا تھا۔ اسے ایک انڈر کور ایجنٹ (ہٹ مین) کے ساتھ مل کر کام کرنا تھا۔

یادو اور گپتا نے اس قتل کے عوض ایک لاکھ ڈالر دینے پر رضامندی ظاہر کی اور جون 2023 میں انہوں نے مینہیٹن (نیو یارک) کے ایک بینک اکاؤنٹ میں ایڈوانس کے طور پر 15 ہزار ڈالر منتقل بھی کیے۔

18 جون 2023 کو کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں خالصتان نواز سکھ لیڈر ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے بعد پنوں کو قتل کرنے کی سازش نے زور پکڑلیا۔

دونوں ملزمان (وکاس یادو اور نکھل گپتا) نے کرائے کے قاتلوں پر زور دیا کہ نیو یارک میں گرپتونت سنگھ پنوں کو جلد از جلد قتل کردیا جائے۔ اس دوران بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی کو امریکا کا دورہ بھی کرنا تھا۔ ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے بعد گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کے لیے گرین سگنل دے دیا گیا۔

نکھل گپتا کو 30 جون 2023 کو چیک جمہوریہ میں گرفتار کیا گیا۔ اس کی گرفتاری کی استدعا امریکا نے کی تھی اور پھر امریکا نے اس کی حوالگی مانگ لی۔

فردِ جرم میں دونوں ملزمان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے قتل کی سازش رچی، کرائے کے قاتل کی خدمات حاصل کیں اور ادائیگی کے حوالے سے منی لانڈرنگ بھی کی۔ استغاثہ نے کہا ہے کہ اس منصوبے سے جُڑی ہوئی کسی بھی پراپرٹی کو ضبط کرلیا جائے۔

امریکی حکومت نے خفیہ معلومات، انڈر کور آپریشنز اور بروقت گرفتاریوں کے ذریعے گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش کو مکمل طور پر ناکام بنایا۔

Indictment

CANADIAN SIKH LEADER

TWO INDIAN NATIONALS

ASSASINATION PLOT