Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

بھارتی وزیر خارجہ کی اسحاق ڈار سے غیرمعمولی ملاقات، پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے واپس روانہ

بھارتی وزیر خارجہ نے پاکستان کے بارے میں انتہائی مثبت ٹوئٹ کیا
اپ ڈیٹ 16 اکتوبر 2024 11:52pm

بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس میں شرکت کے بعد بھارت واپس روانہ ہوچکے ہیں، انہوں نے روانگی سے قبل انتہائی مثبت پیغام دیا۔

روانگی سے قبل نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ظہرانے پر بھارتی وزیر خارجہ سے مثبت انداز میں غیر رسمی گفتگو کی۔

نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ کے درمیان بات چیت کرکٹ سے شروع ہوئی۔ پاکستان نے دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ سے بات چیت کا آغاز کرنے کی بات کی۔

خیال رہے کہ پاکستان میں اگلے سال فروری میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی منعقد ہو رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں طرف سے اس بارے میں بات چیت کا آغاز کردیا گیا ہے۔

تاہم، اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے آج نیوز سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے وزرا خارجہ کے درمیان کوئی دوطرفہ ملاقات نہیں ہوئی، ایک ہی جگہ پر موجودگی میں علیک سلیک ہوجاتی ہے، دونوں کی کوئی نشستیں تبدیل نہیں کی گئیں، وزیراعظم ہاؤس ظہرانے میں دونوں کی نشستیں ساتھ تھیں۔

اسلام آباد سے روانہ ہوتے ہوئے جے شنکر نے دونوں کا اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

بھارتی وزیر خارجہ نے پاکستان کے بارے میں انتہائی مثبت ٹوئٹ کیا۔

انہوں نے لکھا کہ وزیراعظم شہباز شریف، ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کا بہترین میزبانی پر مشکور ہوں، پاکستان کی مہمان نوازی اور فراخدلی پر مشکور ہوں۔

SCO SUMMIT

Jay Shankar