Aaj News

بدھ, اکتوبر 30, 2024  
26 Rabi Al-Akhar 1446  

گوجرانوالہ میں المناک واقعہ: طلاق کا طعنہ بہن بھائی کی زندگی نِگل گیا

بہن کو زہر کی گولی کھاتا دیکھ کر بھائی نے بھی ایک گولی چھین کر نگل لی۔
شائع 15 اکتوبر 2024 10:05am

گوجرانوالہ میں ایک افسوسناک واقعے میں بہن بھائی نے معمولی تلخ کلامی کے نتیجے میں زہر کی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی۔ یہ دل دہلا دینے والا واقعہ قلعہ دیدار سنگھ کے علاقے میں پیش آیا۔

پولیس کے مطابق متوفی کے اہل خانہ نے انہیں تحریری بیان دیتے ہوئے بتایا کہ 35 سالہ آسیہ کی پانچ سال قبل طلاق ہوگئی تھی اور وہ اپنے والدین کے گھر رہتی تھی۔ ایک روز، اس کا چھوٹا بھائی اس سے معمولی جھگڑے کے دوران طلاق کا طعنہ دے دیا۔ یہ بات آسیہ کے دل کو بہت گراں گزری، جس کے نتیجے میں اس نے زہریلی گولیاں کھا لیں۔

اہل خانہ کا کہنا ہے کہ جب بھائی نے اپنی بڑی بہن کو گولیاں کھاتے دیکھا تو اس نے بھی ایک گولی چھین کر خود نگل لی۔ دونوں کی حالت تشویشناک ہو گئی اور انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا، لیکن وہاں پہنچنے سے پہلے ہی وہ دم توڑ گئے۔

پولیس کے مطابق ورثا نے قانونی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم مختلف پہلوؤں سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ یہ واقعہ عدم برداشت کی ایک اور مثال ہے، جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ معاشرتی مسائل اور ذہنی صحت کے فقدان کی وجہ سے کتنی قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔

پاکستان