Aaj News

جمعرات, جنوری 02, 2025  
02 Rajab 1446  

غزہ میں لوگ بھوک سے مر رہے، گدھے گھوڑے کھانے پر مجبور ہیں : برطانوی تنظیم آکسفیم

سنگین صورتحال کے باعث شمالی غزہ کے لوگ انتہائی مایوس کن حالت میں ہیں، نمائندہ بشرٰیٰ خالدی
اپ ڈیٹ 14 اکتوبر 2024 04:47pm

برطانوی فلاحی تنظیم آکسفیم نے ایک خطرناک صورت حال کی نشاندہی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ شمالی غزہ میں لوگ بھوک سے مر رہے ہیں۔ آکسفیم کی نمائندہ بشرٰیٰ خالدی نے بیان دیا کہ اسرائیلی فوج نے 10 دن سے شمالی غزہ میں خوراک کی فراہمی روک رکھی ہے، جس کی وجہ سے وہاں خوراک کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے۔

بشرٰیٰ خالدی نے کہا کہ اس سنگین صورتحال کے باعث شمالی غزہ کے لوگ انتہائی مایوس کن حالت میں ہیں اور انہیں بھوک سے بچنے کے لیے چارہ، گدھے اور گھوڑے کھانے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے مزید تشریح کی کہ زیادہ تر فلسطینی اپنے گھروں میں مرنے کو ترجیح دے رہے ہیں، بجائے اس کے کہ وہ جنوبی غزہ کی طرف ”ڈیتھ مارچ“ کریں۔

انہوں نے اس خطرناک صورت حال پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ شمالی غزہ میں لوگ کیسے زندہ رہیں گے، کیونکہ یا تو وہ بھوک سے مر جائیں گے یا پھر قتل عام کا شکار ہوں گے۔ بشرٰیٰ خالدی نے کہا کہ غزہ میں تباہی کی یہ سطح پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اسرائیلی فورسز نے 7 اکتوبر 2023 سے غزہ میں فضائی اور زمینی کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں، جس کے نتیجے میں 43 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور ایک لاکھ سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔ اس دوران، اسرائیلی فورسز نے امریکی اور برطانوی فلاحی اداروں اور اقوام متحدہ کے نمائندوں کو بھی ہلاک کر دیا ہے۔

Gaza

Hundreds Killed

israel gaza

GAZA CITIZEN