Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

چینی آئی پی پیز پاکستان میں بڑے سرمایہ کار ہیں، وزیر خزانہ

پاکستان کی معاشی بہتری میں چین کا اہم کردار ہے، وزیر اطلاعات
شائع 13 اکتوبر 2024 04:45pm

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ چین توانائی کے شعبے میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے اور چینی آئی پی پیز پاکستان میں بڑے سرمایہ کار ہیں، چین کی پاکستان میں سرمایہ کاری قابل تحسین ہے۔

اسلام آباد میں چائنہ چیمبر آف کامرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ چین کی ترقی دنیا کے لیے مثال ہے اور ہم سی پیک فیز ٹو کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کی معیشت مثبت سمت کی جانب سے گامزن ہے اور جلد معاشی استحکام آئے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے چند ماہ میں پاکستان کی کرنسی میں استحکام آیا ہے، پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم سی پیک کے دوسرے مرحلے کا آغاز کرنے جا رہے ہیں، پاکستان اور چین کی اسٹریٹیجک شراکت داری قابل تحسین ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی دہائیوں پر محیط ہے، پاکستان اور چین کے درمیان دوستی نسل در نسل آگے منتقل ہو رہی ہے، دونوں ممالک کے عوام کا ایک دوسرے سے جذباتی لگاﺅ ہے، چین نے ہر اچھے برے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک دونوں ملکوں کی قربت اور مثالی دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے، سی پیک پاکستان اور چین کی ہی نہیں پورے خطے کی خوشحالی کا منصوبہ ہے، سی پیک کے تحت توانائی کے منصوبے لگائے گئے، سی پیک اور نان سی پیک منصوبوں سے توانائی کے مسائل ختم ہوئے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی معاشی بہتری میں چین کا اہم کردار ہے، پاکستان اور چین کی اسٹریٹجک شراکت داری قابل تحسین ہے، دونوں ممالک سی پیک کے اگلے مرحلے کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔

china

Chinese investors

IPPs

Muhammad Aurangzeb