لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور سمیت چار جنرلوں کی ریٹائرمنٹ، بھارتی میڈیا نے پاک فوج پر نظر جما لیں
بھارتی ذرائع ابلاغ نے پاک فوج میں ہونے والی ریٹائرمنٹ اور ترقیوں پر نظریں جما لی ہیں۔
آن لائن بھارتی جریدے ریڈف نیوز نے دعویٰ کیا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور سمیت چار جنرل ریٹائرڈ ہو گئے ہیں اور تین سے چار افسران کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی جانے والی ہے۔
واضح رہے کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی ار کی جانب سے افسران کی ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم ریڈف نے دعویٰ کیا کہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) کے صدر لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور سمیت چار لیفٹیننٹ جنرل ریٹائر ہو گئے ہیں۔
ریڈف نے دعویٰ کیا ہے کہ فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز، سابق کور کمانڈر (کوئٹہ) لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور، چیف آف لاجسٹک اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ثاقب محمود ملک، سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل محمد علی بطور ریٹائر ہو چکے ہیں۔
بھارتی میڈیا آؤٹ لیٹ نے دعویٰ کیا کہ پاکستانی فوج کے پاس 24 تھری اسٹار جنرلز ہیں، رپورٹ میں ان کی شاخوں سے وابستگی کی تفصیل دی گئی ہے۔
مذکورہ 24 تھری سٹار جنرلز میں سے 13 انفنٹری سے، دو انجینئرز، ایک ایئر ڈیفنس، پانچ آرمرڈ کور، دو آرٹلری اور ایک الیکٹریکل اور مکینیکل انجینئرز سے ہیں۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ تین سے چار جرنیلوں کی ترقی کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ پاک فوج میں لیفٹیننٹ جنرلز کی تعداد کبھی 24 نہیں ہوتی، یہ تعداد 29 کے لگ بھگ ہوتی ہے۔
گزشتہ ماہ لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک نے انٹر سروسز انٹیلی جنس کے نئے ڈائریکٹر جنرل کا عہدہ سنبھالا تھا ۔ رپورٹ کے مطابق وہ آرمی چیف بننے کے قریب ہیں۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ Rediff نے اپنی رپورٹ میں کئی فوجی افسران کے عہدوں کو غلط رپورٹ کیا۔
جریدے نے لکھا کہ بہاولپور اور ملتان کے کمانڈرز کے علاوہ ایڈجوٹنٹ جنرل اور کوارٹر ماسٹر جنرل کی پوزیشنیں بھی خالی ہیں اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر آئندہ چند دنوں یا ہفتوں میں اپنی ٹیم میں تبدیلیاں کر سکتے ہیں۔
Comments are closed on this story.