Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

قتل کی سازش، ٹرمپ نے فوجی طیاروں کے ذریعے سیکیورٹی مانگ لی

بائیڈن انتظامیہ نے دو قاتلانہ حملوں کے بعد موجودہ صدر والی سیکیورٹی دے رکھی ہے۔
شائع 12 اکتوبر 2024 01:10am

امریکا کے سابق صدر اور ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے بائیڈن انتظامیہ سے کہا ہے کہ انتخابی مہم کے دوران اُنہیں فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے اور ضروری ہو تو فوج کے طیارے اور بکتر بند گاڑیاں بھی فراہم کی جائیں۔

گزشتہ ماہ ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم چلانے والی ٹیم کو امریکی خفیہ اداروں نے خصوصی بریفنگ دی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ ایران نے ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔

خفیہ اداروں کی بریفنگ کے بعد صدر بائیڈن نے ایسے سیکیورٹی اقدامات کی ہدایت کی تھی جو برسرِ منصب صدر کے لیے ہوا کرتے ہیں۔ ٹرمپ کی انتخابی ٹیم کا کہنا ہے کہ ناکافی سیکیورٹی انتظامات کے باعث انتخابی جلسے بدنظمی کی نذر ہو رہے ہیں۔

واشنگٹن پوسٹ اور نیو یارک ٹائمز نے بتایا ہے کہ اب انتخابی ٹیم نے مطالبہ کیا ہے کہ لڑاکا طیاروں، ہیلی کاپٹرز اور بکتر بند گاڑیوں کے ذریعے ڈونلڈ ٹرمپ کو سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

صدارتی امیدواروں کو سیکیورٹی فراہم کرنے والے سیکریٹ سروس کے نمائندے نے تصدیق کی ہے کہ اس وقت ڈونلڈ ٹرمپ کو انتہائی نوعیت کی سیکیورٹی فراہم کی جارہی ہے تاہم اُن کی طرف سے مزید سیکیورٹی کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

نیو یارک ٹائمز کے مطابق سابق امریکی صدر ایوانِ صدر کے چیف آف اسٹاف جیف زاینٹس اور سیکریٹ سروس آفیسر روانلڈ رو سے مستقل رابطے میں ہیں اور چاہتے ہیں کہ اُنہیں سیکیورٹی فراہم کرنے میں فوج براہِ راست اپنا کردار ادا کرے۔

Donald Trump

Secret Service

HIGHEST SECURITY

ACTING PRESIDENT

MILITARY PLANES

IRANIAN THREAT