Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

جلوس نکالو، ڈنڈے مارو، اب یہ حیثیت رہ گئی ہے وکلا کی، چیف جسٹس کے ریمارکس

دوسروں پر تنقید تو کرتے ہیں لیکن اپنے گریبان میں بھی جھانکیں، قاضی فائز عیسی کے اراضی کیس میں ریمارکس
شائع 11 اکتوبر 2024 12:46pm

سپریم کورٹ میں اراضی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے کہ جلوس نکالو، ڈنڈے مارو، اب یہ حیثیت رہ گئی ہے وکلا کی۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے اراضی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت سماعت میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے وکیل سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ مجھے بات کرنے دیں، ہم اپنے زمانے میں سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ جج بول رہا ہو ہم بیچ میں بولیں۔

چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ آپ جلوس نکالو ڈنڈے مارو یہ حیثیت رہ گئی ہے وکیلوں کی، آپ دوسروں پر تنقید تو کرتے ہیں لیکن اپنے گریبان میں بھی جھانکیں، مہذب معاشروں میں اختلافِ رائے رکھنے کا بھی ایک مخصوص طریقہ ہوتا ہے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے مزید کہا کہ درخواست میں کہاں درج ہے کہ آپ کِس کے لیے ریلیف مانگ رہے ہیں؟ جس پر درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ شاید وہ رہ گئی ہوگی۔ اس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ آپ وکالت کریں، یہ تمام باتیں درخواست میں کہاں لکھی ہیں؟ ہمیں بتائیں۔

چیف جسٹس پاکستان نے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ کہہ رہے ہیں کہ آپ کو سپریم کورٹ کا فیصلہ منظور نہیں؟ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد نہ ہو تو توہینِ عدالت کا نوٹس ہوتا ہے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے مزید کہا کہ جس کے خلاف آپ ریلیف چاہتے ہیں ان کو آپ نے درخواست میں فریق بنایا ہی نہیں۔

بعد ازاں سپریم کورٹ نے درخواست گزار وکیل کی جانب سے درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی۔

Supreme Court

اسلام آباد

Justice Qazi Faez Isa

Supreme Court of Pakistan

Chief Justice Qazi Faez Isa