Aaj News

جمعرات, اکتوبر 10, 2024  
06 Rabi Al-Akhar 1446  

مولانا فضل الرحمان کی وانا اور خیبر میں جرگے کے شرکا پر تشدد کی مذمت

جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہیں، معلوم نہیں حکومت اتنی خوفزدہ کیوں ہو جاتی ہے، مولانا فضل الرحمان
شائع 09 اکتوبر 2024 10:32pm

جمیعت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وانا اور خیبر میں جرگے کے شرکا پر تشدد کی مذمت کی ہے۔

مولانا فضل الرحمان اپنے ایک بیان میں کہا کہ ریاست قبائل کی بات سنے، تشدد اور فائرنگ سے حالات مزید خراب ہوں گے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ وانا اور خیبر میں قبائل پر ہونے والا تشدد قابل مذمت ہے، حکومت اور ریاست حالات خراب نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ تشدد سے تحریکیں ختم نہیں ہوتیں بلکہ مزید ابھرتی ہیں، مذاکرات سے مسائل حل کئے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جرگے، مظاہرے، دھرنے جمہوریت کا حسن ہیں، معلوم نہیں حکومت اتنی خوفزدہ کیوں ہو جاتی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہیں، زخمیوں کو فوری طبی امداد دی جائے، دعا گو ہوں اللہ پاک زخمیوں کو جلد صحت دے۔

khyber

Wana

Maulana Fazal ur Rehman

PTM Jirga