Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

شمالی کوریا کا جنوبی کوریا سے زمینی رابطہ مکمل ختم کرنے کا اعلان

جنوبی کوریا میں جنگی مشقوں کے انعقاد پر شمالی کوریا کی حکومت کی طرف سے شدید ردِعمل
شائع 09 اکتوبر 2024 06:34pm

شمالی کوریا نے جنوبی کوریا سے زمینی رابطہ مکمل ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان غیر معمولی کشیدگی پائی جاتی ہے۔ جنوبی کوریا میں جنگی مشقیں ہو رہی ہیں جن پر شمالی کوریا نے شدید ردِعمل ظاہر کیا ہے۔

شمالی کوریا میں سرکاری میڈیا نے بتایا ہے کہ شمالی کوریا کی فوج سڑک اور ریل سے جنوبی کوریا تک رسائی روک دے گی اور سرحدی علاقوں کی نگرانی مزید سخت کردے گی۔

کورین سینٹرل نیوز ایجنسی کی طرف سے جاری کی جانے والی خبر کو علامتی حیثیت میں دیکھا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان زمینی رابطے کئی سال سے بند ہیں۔

شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ ایک طرف تو جنوبی کوریا جنگی مشقیں کر رہا ہے اور دوسری طرف امریکی فوج کے بہت سے غیر معمولی نوعیت کے اسٹریٹجک اثاثے بھی خطے میں موجود ہیں۔ واضح رہے کہ امریکی بحریہ نے اس خطے کے پانیوں میں اپنی بھرپور موجودگی برقرار رکھی ہے۔

جنوبی کوریا کی وزارتِ دفاع نے امریکا کی قیادت میں قائم اقوامِ متحدہ کی کمانڈ کو، جو جنوبی و شمالی کوریا کے درمیان غیر فوجی علاقے کی نگرانی پر مامور ہے، اس صورتِ حال سے آگاہ کردیا ہے۔

شمالی و جنوبی کوریا نے 1950 تا 1953 جاری رہنے والی جنگ کو ختم کرنے کے لیے جنگ بندی معاہدے پر دستخط کیے تھے تاہم دونوں ممالک کے درمیان کوئی بھی امن معاہدہ اب تک نہیں ہوسکا ہے۔

جنوبی کوریا کی فوج نے بتایا کہ شمالی کوریا کی فوج سرحدی علاقوں میں کئی ماہ سے بارودی سرنگیں بچھا رہی ہے اور رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے۔ یہ علاقے پہلے ہی غیر معمولی حد تک عسکری موجودگی کے حامل ہیں۔

North Korea

ACCESS BY LAND BLOCKED

SOUTH KOREAN WAR DRILLS

TENSION ESCALATES