Aaj News

جمعہ, جنوری 03, 2025  
02 Rajab 1446  

جو روٹ نے ٹیسٹ میں سب سے زیادہ رنز بناکر کس کھلاڑی کو پیچھے چھوڑ دیا

پاکستان کیخلاف ملتان ٹیسٹ میں جو روٹ نے متعدد ریکارڈز اپنے نام کرلیے
شائع 09 اکتوبر 2024 03:23pm

مڈل آرڈر بیٹر اور سابق کپتان جو روٹ انگلینڈ کے لیے ٹیسٹ فارمیٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔

پاکستان کے خلاف ملتان ٹیسٹ میں انگلش ٹیم کے مایہ ناز بلے باز جو روٹ نے متعدد ریکارڈز اپنے نام کرلیے اور انہوں نے انگلینڈ کے سابق کپتان الیسٹر کک کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے کا قومی ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلش بلے باز جو روٹ نے پاکستان کے خلاف ملتان ٹیسٹ کے تیسرے روز پہلی اننگز اپنے کیریئر کی 35ویں سنچری اسکور کی، اس دوران انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔

جو روٹ نے 73 رنز بناکر 12 ہزار 473 رنز بناکر انگلینڈ کے سابق کپتان الیسٹر کک سے یہ ریکارڈ چھینا، جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 12 ہزار 472 رنز بنارکھے تھے۔

گزشتہ ماہ جو روٹ نے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں سری لنکا کے خلاف 2 سنچریاں بناکر سابق کپتان الیسٹر کک سے سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا قومی ریکارڈ بھی چھین لیا تھا اور اب وہ رنز کے اعتبار سے بھی ان سے آگے ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب جو روٹ 12 ہزار سے زائد رنز مکمل کرنے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں سب زیادہ رنز کرنے والے دنیائے کرکٹ کے بلے بازوں میں پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔

اس فہرست میں سچن ٹنڈولکر 15 ہزار 921 رنز کیساتھ پہلے، رکی پونٹنگ 13 ہزار 378 رنز کے ساتھ دوسرے، جیک کیلس 13 ہزار 289 رنز کے ساتھ تیسرے جبکہ راہول ڈریوڈ 13 ہزار 288 رنز کے ہمراہ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

اس سے قبل ملتان ٹیسٹ میچ کے دوران ہی جو روٹ نے ایک کیلنڈر سال میں 5 مرتبہ 1000 ٹیسٹ رنز بنانے والے ساتویں کرکٹر اعزاز بھی اپنے نام کیا تھا۔

test series

Joe Root

pak vs eng

Pakistan vs England

multan test