Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

فلوریڈا میں سمندری طوفان ملٹن کا خطرہ، 10 لاکھ لوگ نقل مکانی پر مجبور، گاڑیوں کی لمبی قطاریں

پیٹرول پمپس خالی ہوگئے، سیاح کی جگہ ہوٹلز پر شہریوں کا رش بڑھ گیا، گیس کی ترسیل بھی روک دی گئی۔
شائع 09 اکتوبر 2024 11:32am

امریکی ریاست فلوریڈا کو صدی کے طاقت ور ترین سمندری طوفان ملٹن سے خطرہ ہے اور حکام کی جانب سے 10 لاکھ سے زائد افراد کو انخلا کا حکم ملتے ہی فلوریڈا کی مرکزی شاہراؤں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔

دی گارجین کی رپورٹ کے مطابق 200 میل فی گھنٹہ ہواؤں کے ساتھ کیٹیگری 5 کے سمندری طوفان کی شدت نئی کیٹیگری 6 کی سطح پر بھی جا سکتا ہے۔

میامی میں نیشنل ہریکین سینٹر نے آدھی رات کی ایڈوائزری میں خبردار کیا کہ ’محفوظ مقام پر منتقل ہونے کے لیے بدھ کا انتظار نہ کیا جائے کیونکہ لوگوں کے پاس زیادہ وقت نہیں ہوگا۔

طوفان کے پیش نظر اور نقل مکانی کے لیے لوگوں نے اپنی گاڑیوں کی ٹینکی پیٹرول سے فل کرالی جس کے بعد متعدد پیٹرول پمپس پر پیٹرول کی عدم دستیابی کی سائن بورڈ آویزاں کردیے گئے۔ گیس بڈی کی رپورٹ کے مطابق منگل کی شام ساڑھے چھ بجے تک فلوریڈا میں 7 ہزار 912 پیٹرول اسٹیشنوں سے ایندھن ختم ہونے کی اطلاعات موصول ہوچکی ہیں۔

کنڈر مورگن نے اپنا سینٹرل فلوریڈا پائپ لائن سسٹم بند کر دیا ہے، جو ٹمپا اور اورلینڈو کے درمیان بہتر مصنوعات منتقل کرتا ہے۔ تاہم، امید ہے کہ ٹرک اورلینڈو کے ہول سیل ریک سے ایندھن لینے کے قابل ہو جائیں گے۔

سمندری طوفان کے متاثرین نے اورلینڈو کے تمام ہوٹلز میں پناہ لی ہے جہاں کبھی سیاحوں اور کنونشن میں جانے والوں کا رش ہوتا تھا۔ غیرملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے ممکنہ متاثرہ علاقوں کے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی بھی ہدایت کی ہے۔

نشیبی ساحلی علاقے کلیئر واٹر اور سینٹ پیٹرزبرگ میں آباد خاندانوں نے گھروں کو خالی کردیا جہاں طوفان ملٹن کی لہریں 15 فٹ تک پہنچ سکتی ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق طوفان کے خدشے پر دیگر علاقوں میں سپر مارکیٹوں کے شیلفس اشیائے خور و نوش سے خالی ہوگئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق متاثرہ علاقوں میں 15 انچ تک بارشیں ہونے کا بھی امکان ہے۔

پاکستان

Pakistan and Afghanistan