Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

لبنان میں پھنسے پاکستانیوں کو لے کر خصوصی پرواز کراچی پہنچ گئی

خصوصی پرواز سے 70 پاکستانی شہری لبنان سے وطن واپس پہنچے
شائع 09 اکتوبر 2024 09:44am

لبنان سے پاکستانیوں کو لانے والی خصوصی پرواز کراچی پہنچ گئی جبکہ خصوصی پرواز سے 70 پاکستانی شہری لبنان سے وطن واپس پہنچے۔

تفصیلات کے مطابق جنگ زدہ لبنان پر اسرائیلی حملوں کے بعد وہاں پھنسے پاکستانیوں کو لانے والی خصوصی پرواز کراچی پہنچ گئی، دمشق سے خصوصی پرواز کے ذریعے 70 پاکستانی وطن واپس پہنچے جبکہ ایئرپورٹ پر لبنان سے آنے والے ہم وطنوں کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے۔

ایئر 320 ساختہ طیارہ رات 2 بجے کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کرنا تھا لیکن ایک گھنٹے کی تاخیر سے طیارہ رات 3 بجے کراچی ایئر پورٹ پر لینڈ کر گیا۔

سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستانیوں کو محفوظ شمالی بارڈر کراسنگ سے دمشق پہنچایا گیا، پاکستانیوں کی کراچی کے لیے پرواز پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے کے قریب روانہ ہوئی۔

دفترخارجہ کے مطابق پرواز میں موجود 67 پاکستانی لبنان سے بذریعہ سڑک دمشق پہنچے تھے جبکہ شام سے 4 دیگر پاکستانی بھی خصوصی پرواز میں سوار ہوئے تھے۔

پاکستانی لبنان سے نکل آئیں، ترجمان دفترخارجہ نے ایڈوائزری جاری کردی

لبنان سے وطن پہنچنے والے پاکستانیوں نے پاک سر زمین پر پہنچتے ہی سجدہ شکر ادا کیا اور انہوں نے وزیراعظم شہبازشریف کا شکریہ ادا کیا۔

گورنرسندھ کامران، وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی اور صوبائی وزیرجام اکرم اللہ دھاریجو نے پاکستانیوں کا استقبال کیا۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ حکومت نے لبنان سے پاکستانیوں کی باحفاظت وطن واپسی ممکن بنائی، حکومت پاکستان اس مشکل وقت میں اپنے پاکستانیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے، جو پاکستانی وہاں رہ گئے ہیں انہیں بھی جلد واپس لے آئیں گے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ سفارتخانوں کے بروقت اقدام نے پاکستانیوں کی فوری واپسی میں اہم کردار ادا کیا، شکر ہے 71 پاکستانی جنگ زدہ لبنان سے بحفاظت واپس آئے ہیں، لبنان کے شہریوں کے لیے بھی فکر مند ہوں جو اسرائیلی بمباری کا شکار ہیں۔

کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ اسرائیل نے جنگ فلسطین سے لبنان تک پھیلادی مگر دنیا خاموش ہے، مسلم ممالک اسرائیل کےخلاف یک آواز ہوں تاکہ لبنان پر مسلط جنگ رُکے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے کراچی ائیر پورٹ پر گفتگو میں کہا کہ اس وقت پورا خطہ جنگ کی حالت میں ہے، بہت مشکل مرحلہ تھا، لوگوں سے رابطہ بھی نہیں ہوپارہا تھا، وفاقی حکومت اور وزارت خارجہ اس حوالے سے بہت زبردست کام کیا۔

وزیر انڈسٹریز سندھ جام اکرام اللّٰہ دھاریجو نے کہا کہ سندھ حکومت نے بہترین کردار ادا کیا۔

خیال رہے کہ دو روز قبل ذرائع کا بتانا تھا کہ لبنان سے پاکستانیوں کے انخلا کے لیے خصوصی پرواز کی اجازت دے دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ڈی جی سی اے اے کی جانب سے غیر ملکی ائیرلائن کو ایک خصوصی پرواز کی اجازت دی گئی ہے، ائیربس 320 طیارے سے 180 پاکستانیوں کو لبنان سے پاکستان پہنچایا جائے گا۔

karachi

karachi airport

lebanon

LEBANON CRISIS

pakistaini returns