Aaj News

منگل, اکتوبر 08, 2024  
04 Rabi Al-Akhar 1446  

احتجاج سے معیشت پر منفی اثرات پڑتے ہیں، وزیر خزانہ

ہم بڑی محنت سے ملک میں معاشی استحکام لے کر آئے ہیں، محمد اورنگزیب
اپ ڈیٹ 08 اکتوبر 2024 04:42pm

وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ معاشی استحکام کیلئے کیے گئے اقدامات کے ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں۔

وزیرِ خزانہ نے منگل کو خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی اقدامات سے مہنگائی میں کمی آئی ہے، آئندہ دنوں میں مہنگائی مزید کم ہوگی۔

محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ اسٹیٹ بینک نے 2025 تک 5 یا 6 فیصد مہنگائی کی شرح میں کمی کا تخمینہ لگایا تھا لیکن اب مہنگائی کی شرح 6.9 فیصد پر آگئی ہے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ روپے کی قدر میں بھی مزید بہتری آرہی ہے، پالیسی ریٹ میں بھی خاطر خواہ کمی آئی ہے۔

محمد اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ پچھلے دو تین ہفتوں میں حکومت نے درآمدات میں کمی کی ہے تاکہ ریٹس میں کمی ہوسکے، اس سے شرح سود میں کمی آئی ہے اور مزید کمی آتی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ معیشت کے استحکام کیلئے کام جاری ہے، ہم بڑی محنت سے ملک میں معاشی استحکام لے کر آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہڑتالوں اور احتجاج سے معیشت پر منفی اثرات پڑتے ہیں، ہڑتال یا احتجاج سے بہت سے شعبے براہ راست متاثر ہوتے ہیں۔ کاروبار بند ہونے سے معیشت کو نقصان ہوتا ہے، شہر بند ہونے سے روزانہ کی بنیاد پر 190 ارب کا نقصان ہوتا ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ احتجاج کے باعث اسلام آباد میں 8 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔

Finance minister

Muhammad Aurangzeb