Aaj News

منگل, دسمبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Akhirah 1446  

توشہ خانہ 2 کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف فرد جرم کی کارروائی پھر مؤخر

عدالت نے بغیر کارروائی کیس کی سماعت21 اکتوبر تک ملتوی کردی
شائع 08 اکتوبر 2024 02:02pm

توشہ خانہ 2 کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی ایک بار پھر مؤخر کردی گئی۔

سینئر جج اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ کے نئے کیس کی سماعت جوڈیشل کمپلیکس میں کی۔

عدالت نے بغیر کارروائی کیس کی سماعت21 اکتوبر تک ملتوی کردی۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی پر آج فرد جرم عائد ہونا تھی۔

اڈیالہ جیل میں سیکیورٹی خدشات کے باعث سماعت ملتوی کی گئی، جیل حکام نے سیکیورٹی خدشات پر سماعتیں ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔

اس سے قبل اسپشل جج سینٹرل نے 30 ستمبر کو توشہ خانہ 2 کیس میں عمران خان اور بشری بی بی کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے 2 اکتوبر کی سماعت میں فرد جرم عائد کرنے کا کہا تھا۔

واضح رہے کہ 13 جولائی کو نیب نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کو عدت نکاح کیس میں ضمانت ملنے کے فوری بعد توشہ خانہ کے ایک نئے ریفرنس میں گرفتار کرلیا تھا۔

نیب کی انکوائری رپورٹ کے مطابق توشہ خانہ ٹو کیس 7 گھڑیوں سمیت 10 قیمتی تحائف خلاف قانون پاس رکھنے اور بیچنے سے متعلق ہے۔

تاہم نیب ترامیم کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد احتساب عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ 2 ریفرنس نیب سے ایف آئی اے کو منتقل کردیا تھا۔

توشہ خانہ ٹو کیس کی تحقیقات کے لیے وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے) نے تین رکنی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم(جے آئی ٹی) تشکیل دے دی تھی۔

imran khan

bushra bibi

Imran Khan Bushra Bibi

BUSHRA BIBI CASE

new tosha khana case

Tosha Khana Reference 2